عوام نے انتشار کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کر دیا : بزدار
بسال شریف میں منتخب نمائندوں کی وزیراعلیٰ سے ملاقات، اٹک کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی ، خواجہ امیر چشتی ؒ کے مزار پر حاضری ، ایک قوم، ایک نصاب سے طبقاتی تقسیم کا خاتمہ ہو گا:وزیراعلیٰ ، سعودی سفیر بھی ملے
راولپنڈی،لاہور(نیوزرپورٹر،سیاسی رپورٹر سے ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ضلع اٹک کی تحصیل جنڈکے علاقے بسال شریف میں منتخب نمائندوں اور عما ئدین علا قہ نے ملاقات کیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منتخب نمائندوں کے مسا ئل سنے اورمسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔منتخب نمائندوں نے پی پی 38 سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدوار احسن سلیم بریار کی کامیابی پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی۔عثمان بزدارنے کہا کہ سیالکوٹ کے عوام نے انتشار کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کردیا ۔پی پی 38میں مخالف جماعت کی نشست جیت کر ثابت کیا ہے کہ عوام کی خدمت کی سیاست کا کوئی نعم البدل نہیں۔اپوزیشن کو منفی سیاست چھوڑ کر ملک و قوم کا سوچنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ میں پنجاب کے ہر چھوٹے بڑے ضلع میں جارہا ہوں۔عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرتاہوں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام کے تحت پنجاب کے ہر شہری کو مفت علاج کی سہولت دیں گے ۔ اٹک میں مدراینڈچائلڈ ہسپتال بنایاجارہا ہے ۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اٹک، تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال حضرو، فتح جنگ، حسن ابدال، جنڈ، پنڈی گھیپ کے ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کے لئے جدید طبی آلات فراہم کئے جارہے ہیں۔ اٹک میرا اپنا شہر ہے اوراٹک بھی پنجاب کے باقی شہروں کی طرح میر ے دل کے قریب ہے ۔ اٹک میں سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔ عثمان بزدار اسلام آباد سے اٹک کی تحصیل جھنڈکے علاقے بسال شریف گئے ۔وزیراعلیٰ نے بسال شریف میں خواجہ امیر احمد چشتی ؒ کے مزار پر حاضری دی، چادر چڑھائی ۔ عثمان بزدار نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، سلامتی، استحکام اور سربلندی کیلئے دعا کی ، ادھر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزداراور سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،پاکستان اور سعودی عرب تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ دلی اور روحانی وابستگی رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کی انتہائی سازگار فضا فراہم کی گئی ۔سعودی عرب کے سرمایہ کارپنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دے گی۔ کورونا کے باوجود حکومت کی کاروباردوست پالیسیوں سے معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے ۔ سعودی عرب کے سفیر نے پنجاب میں سماجی شعبوں کی بہتری اور عوام کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔اپنے ٹویٹ میں عثمان بزدار نے کہاہے کہ ایک قوم ایک نصاب سے تعلیمی شعبے میں طبقاتی تقسیم کا خاتمہ ہو گا، \"ایک قوم، ایک نصاب، پنجاب سے آغاز پر سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا، وزیراعلٰی کاکہناہے کہ \" سنگل نیشنل کریکولم\" پورے پاکستان میں نافذ کیا جائے گا ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے سینئر صحافی رفیق افغان کے انتقال پر دکھ اورافسوس کا اظہارکیا ہے ۔