کورونا پابندیوں کی خلاف ورزیوں پر سندھ پولیس کو کارروائی کا اختیار

کورونا پابندیوں کی خلاف ورزیوں پر سندھ پولیس کو کارروائی کا اختیار

دکانوں،صنعتوں،دفاتر میں کارروائی ہو سکے گی ،نوٹیفکیشن جاری، سندھ میں مزید 20اموات، مثبت کیسز کی شرح 23فیصد ، قیدیوں کی اہل خانہ سے ملاقات پر پابندی، کراچی میں گھر گھر ویکسین مہم کا آغاز، جولائی میں ڈیلٹاسندھ کیلئے تباہ کن رہا

کراچی(سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ حکومت نے کورونا پابندیوں کی خلاف ورزیوں پر پولیس کو کارروائی کا اختیار دے دیا، کورونا ایس او پیز کے حوالے سے چوتھا ترمیمی نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے ایس ایچ اوز کو بھی کارروائی کا اختیار دیدیا ہے ،ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر دکانداروں،صنعتوں،دفاتر میں کارروائی پولیس انسپکٹر کرسکے گا اس سے قبل کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کا اختیارڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرزکو حاصل تھا اب ان سے واپس لے کر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے ،پولیس انسپکٹر،ایس ایچ او سندھ وبائی امراض ایکٹ کی شق 3کے تحت کارروائی کرسکیں گے ،پولیس انسپکٹرز ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر نوٹس کا اجرا،ہدایات کرسکیں گے ۔ادھر لاک ڈائون سے سڑکوں ،بازاروں میں رش کم ہوا ،ویکسی نیشن سنٹرز میں بڑھ گیا ،شہریوں کے ہجوم میں کورونا بڑھنے کا خطرہ مزید بڑھ گیا ،شہریوں نے ایس او پیز نظر انداز کردئیے ،ماسک بھی نہیں پہنے ،ویکسی نیشن سنٹرز پر اوقات بڑھادئیے گئے ،گزشتہ روز سندھ میں کورونا سے 20افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ صوبے میں مثبت کیسز کی شرح 15فیصد،کراچی میں 23 فیصد ،حیدر آباد میں 14فیصد رہی،جولائی میں ڈیلٹا سندھ کیلئے تباہ کن ثابت ہوا ،جنوری کے بعد کورونا سے ریکارڈ اموات ،جنوری سے 431 اور جولائی میں 543 اموات ہوئیں، 550 وینٹی لیٹرز میں سے 346 پر مریض زیر علاج ہیں ،813 ایچ ڈی یو پر کورونا مریض موجود ہیں،دریں اثنا سندھ حکومت نے صوبہ بھر کی جیلوں میں قیدیوں سے ا ہل خانہ اور عزیزوں کی ملاقات پر تاحکم ثانی پابندی عائد کردی،ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کراچی میں اب گھر گھر جاکر شہریوں کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی،کل سے کراچی کے ایک ضلع میں موبائل ویکسی نیشن شروع کر دیں گے ، کوشش ہے کہ تمام اضلاع میں موبائل ویکسی نیشن شروع کریں۔ترجمان سندھ نے مزید کہا 9اگست کے بعد لاک ڈاؤن رہے گا یا نہیں، ابھی کچھ نہیں کہاجاسکتا، فیصلہ ٹاسک فورس کرے گی،ہمیں ایس اوپیزکو فالو کرنا ہے اور کورونا کو روکنا ہے ، 2لاکھ 11 ہزار لوگوں کو اسی صوبے میں ویکسین لگی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں