شمالی وزیرستان : چیک پوسٹ پر حملہ ، فوجی جوان شہید ، آپریشن میں 2 دہشتگرد مارے گئے

شمالی وزیرستان : چیک پوسٹ پر حملہ ، فوجی جوان شہید ، آپریشن میں 2 دہشتگرد مارے گئے

دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلہ میں نائیک غلام مصطفی شہید، سپرد خاک ، دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے ،افسر اور سپاہی زخمی ، ڈی آئی خان میں پولیو ٹیم پر حملہ ،کانسٹیبل شہید ، دلاور پر گاؤں اٹل شریف کے قریب حملہ کیا گیا ،سرچ آپریشن، متعدد افراد گرفتار، سکیورٹی ہائی الرٹ

لاہور، اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ، خصوصی نیوز رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں )شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا اس دوران فائرنگ کے تبادلہ میں ایک اہلکار شہید ہوگیا جبکہ آپریشن کے دوران 2دہشت گرد بھی مارے گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے ضلع گھڑیوم میں فوجی چوکی پر فائرنگ کی جس کا سکیورٹی فورسز نے بھرپور جواب دیا تاہم فائرنگ کے تبادلہ میں مظفرآباد سے تعلق رکھنے والے 37 سالہ نائیک غلام مصطفی شہید ہوگئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے نائیک غلام مصطفی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نائیک غلام مصطفی شہید کی تدفین مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ کی گئی، نماز جنازہ آبائی علاقہ ڈونہ چھتر میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں شہید کے عزیز واقارب کے علاوہ اہل علاقہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس کے علاوہ سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے زنگوتی میں آپریشن کرکے دو دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ۔ یہ اہم آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے ۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک افسر اور سپاہی زخمی ہوگئے ۔ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانہ کلاچی کی حدود گاؤں اٹل شریف کے قریب نامعلوم دہشتگردوں کی فائرنگ سے پولیو ڈیوٹی پر جانیوالا تھانہ کلاچی کا ڈی ایف سی کانسٹیبل دلاور خان شہید ہو گیا ۔علاقہ میں سرچ آپریشن، متعدد مشکوک افراد گرفتار، ضلع بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ تھانہ کلاچی کا ڈی ایف سی کانسٹیبل دلاور خان پولیو ڈیوٹی کیلئے جارہا تھا کہ گاؤں اٹل شریف کے قریب نامعلوم مسلح دہشتگردوں نے اس پر فائرنگ کردی جس سے کانسٹیبل دلاور خان موقع پر ہی شہید ہوگیا اور نامعلوم دہشتگرد موقع سے فرار ہوگئے ۔ واقعہ کی اطلاع پر ڈی پی او کیپٹن(ر) نجم الحسنین لیاقت سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، ڈی پی او ڈیرہ نے موقع کا جائزہ لیا اور دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے سکیورٹی الرٹ کردی۔سی ٹی ڈی پولیس نے اس واقعہ کا مقدمہ دہشتگردی سمیت قتل کی دفعات کے تحت نامعلوم دہشتگردوں کیخلاف درج کرلیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا اور متعدد مشکوک افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں