قیمت میں کمی کیلئے 6 لاکھ ٹن چینی کی درآمد کا عمل شروع
آٹے کی قیمت میں کمی کیلئے 2 لاکھ 20 ہزار ٹن گندم درآمد کرنے کیلئے انٹرنیشنل ٹینڈرز جاری :خزانہ حکام ، چینی ذخائر،دیگرتفصیلات سے ہر ہفتہ آگاہ کریں:پرائس کمیٹی،رسد، طلب میں فرق ختم کیا جائے :وزیر خزانہ
اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ ملک میں چینی کی قیمت میں کمی کیلئے 6 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ گندم کی قلت دور کرنے اور آٹے کی قیمت میں کمی لانے کیلئے 2 لاکھ 20 ہزار ٹن گندم کی درآمد کیلئے انٹرنیشنل ٹینڈرز جاری کردیئے گئے ہیں، کمیٹی نے صوبوں کی مانگ کے پیش نظر 2 لاکھ ٹن گندم فوری طور پر جاری کرنے کی منظوری دیدی اور اس کیلئے بھی انٹرنیشنل ٹینڈرز جاری کرنے کی ہدایت کردی۔ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ شوکت ترین کی صدارت میں ہوا۔ سیکرٹری خزانہ نے بتایا 6 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ چینی کے سٹاک اور دیگر تفصیلات سے ہر ہفتہ آگاہ کیا جائے ۔ وزیر خزانہ نے کہا حکومت چینی، آٹا، دالوں اور گھی سمیت ضروری اشیائے خوردنی کی دستیابی اور قیمتوں کے استحکام کے ساتھ ساتھ ناجائز منافع خوری کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا رسد اور طلب میں فرق کے خاتمہ کیلئے اشیا کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ سیکرٹری خزانہ نے کہا علاقائی ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں انتہائی کم ہیں۔ وزیر خزانہ نے پٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی کہ ایل این جی کی قیمت میں اضافہ اور اس کے متبادل ذرائع سے استفادہ اور دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کورونا کی وجہ سے عالمی سطح پر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ کا رجحان ہے ۔