پھر پابندیاں ، ہفتے میں 2 دن کاروبار بند ، بازار رات 8 بجے تک کھلیں گے ، ہوٹلوں کے اندر کھانا نہیں ملےگا ، پبلک ٹرانسپورٹ مسافروں اور دفاتر میں ملازمین 50 فیصد ہونگے: این سی او سی کے فیصلے

پھر پابندیاں ، ہفتے میں 2 دن کاروبار بند ، بازار رات 8 بجے تک کھلیں گے ، ہوٹلوں کے اندر کھانا نہیں ملےگا ، پبلک ٹرانسپورٹ مسافروں اور دفاتر میں ملازمین 50 فیصد ہونگے: این سی او سی کے فیصلے

اسلام آباد،راولپنڈی، لاہور،فیصل آباد، ملتان ، پشاور، ایبٹ آباد، مظفرآباد ،میرپور ، سکردو،گلگت میں 31اگست تک اطلاق،کراچی اور حیدرآباد میں 8اگست کے بعد پابندیاں مشروط ، آئوٹ ڈور ڈائننگ 10بجے تک،ہوم ڈلیوری 24گھنٹے ،چھٹی کے دن کا فیصلہ صوبے کرینگے :اسد عمر،جہلم میں سمارٹ لاک ڈائون، کورونا سے مزید40اموت،4858نئے مریض

اسلام آباد،لاہور(نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر، دنیا نیوز ،نیوز ایجنسیاں)کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر وفاق نے بھی ملک بھر کے 13شہروں میں آج سے دوبارہ پابندیاں لگادیں،بازار ہفتے میں دو روز بندہوں گے جبکہ عام دنوں میں رات 8بجے تک کھلیں گے ،ریسٹورنٹس کے اندر کھانے پر بھی پابندی ہوگی، دفاتر میں عملہ نصف جبکہ ٹرانسپورٹ کو 50 فیصد مسافروں کی اجازت ہوگی۔این سی او سی کے سربراہ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے وزیراعظم عمران خا ن کی زیر صدارت این سی اوسی کے اجلاس کے بعدپریس کانفرنس میں مذکورہ پابندیوں کا اعلان کیا، اسد عمر نے کہا کہ پابندیوں کا اطلاق آج سے 31 اگست تک ہوگا، کاروبار کیلئے اوقات رات 8 بجے تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، ہفتے میں دو دن کاروبار بند رہے گا، چھٹی کس دن رکھنی ہے فیصلہ صوبے خود کریں گے ،ہفتے میں ایک دن کے بجائے اب دو دن چھٹی ہو گی جنہیں \'سیف ڈیز\' کا نام دیا گیا ہے ۔ریسٹورنٹس کے اندر کھانے پر مکمل پابندی ہوگی، آئوٹ ڈور ڈائننگ رات 12بجے کی بجائے 10بجے تک کھلی رہے گی، ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری کی 24 گھنٹے اجازت ہوگی، پبلک ٹرانسپورٹ میں سواریوں کی گنجائش 50 فیصد ہوگی اور دفاتر میں حاضری بھی 50 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، انہوں نے کہا احساس ہے کہ بندشوں سے ہمارے کمزورطبقات پر بڑا اثر پڑتا ہے ، ہم نے صرف لوگوں کی صحت کی حفاظت نہیں کرنی بلکہ دہاڑی دار طبقات کے روزگار کو بھی دیکھنا ہے ، اس لیے ہم نے سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی اپنائی،اسی پالیسی کے تحت ہم نے تین پہلی لہروں میں کامیابی حاصل کی،پچھلے دنوں میں وبا میں تیزی سے اضافہ ہوا، کیسز کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے ، وزیراعظم کی منظوری سے کچھ فیصلے کئے ہیں، نئی پابندیوں کا اطلاق اسلام آباد،پنجاب میں راولپنڈی، لاہور،فیصل آباد، ملتان ، سندھ میں کراچی، حیدرآباد،خیبرپختونخوا میں پشاور، ایبٹ آباد، آزاد کشمیر میں مظفرآباد ،میرپور ،گلگت بلتستان میں سکردو،گلگت میں ہوگا،کراچی اور حیدرآباد میں 8 اگست کے بعد مثبت کیسز کی شرح برقرار رہتی ہے تو یہ پابندیاں لاگو رہیں گی، انہوں نے کہا ویکسی نیشن افراد کو انڈورڈائننگ اور شادی میں شرکت کی اجازت دی تھی لیکن ممکن نہیں کہ چیک کیا جائے کس کی ویکسی نیشن ہے ، وہاں پر ہم نے پابندی لگا دی ہے جبکہ 400 لوگوں سے زائد افراد کو شادی میں بلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ادھر پنجاب حکومت نے جہلم کے ایک علاقے میں 10اگست تک سمارٹ لاک ڈائون نافذ کردیا، این سی او سی کے مطابق ملک میں مصدقہ کیسز کی تعداد 10لاکھ 39ہزار 695ہوگئی جن میں 9لاکھ 43ہزار 20صحت یاب ہوچکے ہیں، 23ہزار 462اموات ہوئی ہیں، 3ہزار 441کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ، گزشتہ روز ملک میں مثبت کیسز کی شرح 8.6فیصد، پشاور21فیصد،راولپنڈی ،اسلام آباد 13 فیصد ،لاہور میں 5 فیصد رہی،پنجاب میں 8،خیبرپختونخوا میں 6،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 3، 3افراد دم توڑ گئے ۔علاوہ ازیں چین سے کونویڈیسا ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی ، پاکستان نے کونویڈیسا کی 3لاکھ تیاراور 12لاکھ ڈوز کا خام مال خریدا ہے ۔ اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زعیم ضیا نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں مئی کے بعد سب سے زیادہ کورونا کے پھیلائو کی شرح12.81 فیصد ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کی 18 سال سے زائد عمر کی 90 فیصد آبادی کوویکسین لگ چکی ہے تاہم شہریوں کی جانب سے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کے باعث اسلام آباد میں گزشتہ روز کورونا کاپھیلائو بڑھا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں