الیکشن سے پہلے نیب مقدمات کے فیصلے ہونگے : شہباز شریف نے بالآخر مفاہمت کی طرف بڑھنا ہے ، نواز ، الطاف کو لندن سے نہیں لاسکتا : وزیر داخلہ

الیکشن سے پہلے نیب مقدمات کے فیصلے ہونگے : شہباز شریف نے بالآخر مفاہمت کی طرف بڑھنا ہے ، نواز ، الطاف کو لندن سے نہیں لاسکتا : وزیر داخلہ

ن لیگ،پی پی کے گھروں میں مفاہمت اور مزاحمت کی لڑائی جاری، ان کی سوچ سے بڑی علاقائی سیاست ہونیوالی ہے ، نا الائق اپوزیشن کے ہوتے عمران خان اگلے 5سال بھی حکومت کریگا ، پاکستان میں دہشتگردی کا ذمہ دار ہٹلر مودی ، بھارت کا عالمی صحافیوں کو پاکستان آنے سے روکنا افسوسناک ،پولیس تنخواہوں میں فوج کے برابر اضافے کی ضرورت:شیخ رشید،گفتگو، خطاب

اسلام آباد (خصوصی وقائع نگار،نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک،دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نیب مقدمات کے فیصلے دو سالوں میں الیکشن سے پہلے پہلے ہوجائیں گے ، ن اور ش لیگ والا کام ہوگیا، بالآخرشہباز شریف نے مفاہمت کی طرف بڑھنا ہے ، وہ وہی پالیسی اپنا رہا ہے جو اس نے نواز شریف کو سعودیہ سے لانے کیلئے اپنائی۔نواز شریف ،الطاف حسین کو لندن سے واپس نہیں لا سکتا، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سوچ سے بڑی علاقائی سیاست ہونیوالی ہے جس میں عمران خان کا کلیدی کر دار ہوگا ۔ بدھ کو انسٹیٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈی میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا پیپلز پارٹی اور ن لیگ جو بڑا چیختی اور چلاتی تھیں اپنی اصل جگہ پہ آ گئی ہیں۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سوچ سے بڑی ریجنل سیاست ہوگی ،عمران خان کھیلے گا اور کرے گا،آپ لوگ چوں چوں کا مربہ ہیں ،یہ کیمروں کیلئے سیاست کررہے ہیں، عمران خان کہیں نہیں جارہے ، ان جیسی نالائق اپوزیشن کے ہوتے ہوئے مجھے یقین ہوتا جارہا ہے ہے عمران خان اگلے پانچ سال بھی لگالے گا ،پہلے اپنا گھر ٹھیک کرو ،ملک آپ نے خاک ٹھیک کرنا ہے ،دونوں پارٹیوں کے گھروں میں مفاہمت اور مزاحمت کی لڑائی جاری ہے ۔انہوں نے کہا ہر ادارے کو گند سے پاک کردیں گے ،کرپشن کے کیسز کے فیصلے بھی ان دو سالوں میں ہوجائیں گے ،الیکشن سے پہلے پہلے نیب کے کرپشن کے کیسز کے فیصلے بھی ہوجائیں گے ۔وزارت داخلہ میں بھی کرپٹ لوگوں کے خلاف جھاڑو پھیر دیں گے ، کرپٹ لوگوں کو جیل کی ہوا کھلائی ہے لیکن عدالتی فیصلوں کی وجہ سے انہیں اندر نہیں کرسکے ۔ شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے بارے میں سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا شہباز شریف کو عدالت کی جانب سے جو وقت دیا گیا اس میں انہوں نے نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست نہیں دی۔انہوں نے کہاکہ مجھے تو شک پڑتا ہے کہ شہباز شریف راستہ بنا رہے ہیں کہ انتخابات کے دنوں میں نواز شریف کو سیدھا جیل نہ جانا پڑے ، وہ وہی حکمت عملی اختیار کررہے ہیں جو انہوں نے سعودی عرب سے نواز شریف کو لانے کے لیے اختیار کی تھی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا میں لندن میں مقیم مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف اور متحدہ قومی موومنٹ (لندن)کے سربراہ الطاف حسین کو ملک میں واپس نہیں لا سکتا۔ شیخ رشید نے کہا عمران خان کی حکومت جدوجہد آزادی کشمیر کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے ، افغانستان کا امن پاکستان کا امن ہے ۔انہوں نے کہا بھارت نے عالمی صحافیوں کو پاکستان آنے سے روک دیا جو افسوس ناک ہے ۔ ہم اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر کے مسئلہ کا حل چاہتے ہیں۔ عمران خان کی حکومت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔ بھارت پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے ۔ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے ۔اس وقت پاکستان میں جو بھی دہشتگردی ہو رہی ہے اس کا ذمہ دار ہٹلر مودی ہے ، بھارت نے فیٹف سے ایک روز قبل لاہور میں دھماکے کروائے ، فیٹف میں پاکستان کا کیس لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے میں حالات تیزی سے بدل رہے ہیں۔ آنے والے 6 ماہ خطے کے لئے اہم ہیں،پاکستان کیخلاف ہائبرڈ وار شروع کر دی گئی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے خطے کے حالات کے تنا ظرمیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی ہے جس میں وزیر داخلہ اور وزیر اطلاعات بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا افغانستان کے فیصلے افغان قوم نے کرنے ہیں وہ جو بھی فیصلہ کریں گے ہمارے لئے قابل قبول ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کا اہم کام پاکستا ن میں آبی ذخائر کی تعمیر ہے ۔ اس سے پانی کے مسائل حل ہوں گے اور سستی بجلی پیدا ہو گی۔ موجودہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔ انہوں نے کہا وزارت داخلہ اور اس کے تمام ذیلی اداروں سے بد عنوان ملازمین کاخاتمہ کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لئے 110 وارڈز کی حلقہ بندیاں کر کے الیکشن کمیشن کو بھجوا رہے ہیں ۔ اس نے اب فیصلہ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا داسو واقعہ کو دفتر خارجہ ڈیل کر رہا ہے اور افغان سفیر کی بیٹی کیس پر افغان تفتیشی ٹیم پاکستان میں موجود ہے ۔وزیرداخلہ نے یوم شہدائے پولیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا بھارت پاکستان کے خلاف غیر علانیہ جنگ اور ہائبرڈ جنگ میں ملوث ہے ، خطے کی بدلتی صورتحال کے سبب پولیس کو بڑے چیلنج کا سامنا ہے ،پانچ سے چھ ماہ تک اسلام آباد پولیس کوالرٹ رہنا ہوگا۔پولیس کو ہائی ٹیک بنا کر شہر میں جرائم پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم پولیس کو سلام پیش کرتے ہیں۔ معاشرہ انحطاط کا شکار ہے اور لوگوں کی پولیس سے توقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا شہید قوم کا اثاثہ ہوتے ہیں اور شہادت کا رتبہ خدا کی طرف سے عنایت کیا جاتا ہے ۔ سوشل میڈیا کے پھیلا ئو کی وجہ سے پولیس کی ذمہ داریوں اور پریشر میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا پولیس میں خواتین نفری میں اضافے اور پولیس کی تنخواہوں میں فوج کے برابر اضافے کی ضرورت ہے ۔معاشی حالات ٹھیک ہوں توجرائم کی تعداد کم ہوجاتی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں