سندھ کابینہ میں تبدیلیاں، سہیل انور نثار کھوڑو، ہری رام کو فارغ کرنیکا فیصلہ

 سندھ کابینہ میں تبدیلیاں، سہیل انور   نثار کھوڑو، ہری رام کو فارغ کرنیکا فیصلہ

سندھ کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ،اطلاعات کے مطابق موجودہ کابینہ سے تین وزرا ء اور ایک مشیر کو فارغ کیے جانے کا امکان ہے جبکہ کچھ وزرائکے قلمدان تبدیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے

کراچی (سٹا ف رپورٹر) حکومت سندھ کے باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے کابینہ میں رد و بدل کے حوالے سے مشاورت مکمل کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ سہیل انور سیال ،نثاراحمد کھوڑو اور ہری رام کو سندھ کابینہ سے فارغ کیے جانے کا امکان ہے جبکہ سعید غنی سے محکمہ تعلیم اور ناصر حسین شاہ سے اطلاعات کا قلمدان واپس لیا جاسکتا ہے ۔سردار شاہ کو وزیرتعلیم اور سعید غنی کو وزیر اطلاعات بنانے کی توقع ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسماعیل راہو سے زراعت اور تیمور تالپور سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا قلمدان واپس لینے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔ تبدیل شدہ کابینہ میں جام خان شورو،گیان چند، ضیا عباس کو صوبائی وزیر بنایاجائیگا۔ضیاعباس کو وزیر آبپاشی اور جام خان شورو کو ورکس اینڈ سروسز کے قلمدان ملنے کا امکان ہے ۔ اطلاعات ہیں کہ جام اکرام دھاریجو سے اینٹی کرپشن کا قلمدان واپس لے لیا جائے گا اورمعاون خصوصی بنگل خان مہر کو اینٹی کرپشن کا قلمدان دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ صوبائی وزیر اسماعیل راہو کو یونیورسٹیز اینڈ بورڈز اور محکمہ ماحولیات کا قلمدان دیئے جانے کی توقع ہے ۔مکیش کمار کو خوراک اورگیان چند کو اقلیتی امور کا قلمدان دیاجاسکتا ہے ۔تیمور تالپور کو وزیر جنگلات بنایاجائے گا۔اسی طرح تنزیلہ قمبرانی کو وزیراعلیٰ کا معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی بنانے پر غور ہورہا ہے ۔منظور وسان کو وزیراعلیٰ کا مشیر زراعت بنانے کا امکان ہے ۔ حکومت سندھ نے وزیراعلیٰ کے پانچ معاون خصوصی مقررکرنے کا فیصلہ بھی کرلیا ہے ۔ نئی کابینہ میں ریاض شیرازی ،رسول بخش چانڈیو،ارباب لطف اللہ کو وزیراعلیٰ کا معاون خصوصی بنایاجائیگا۔ساجد جوکھیو کو صوبائی وزیر سماجی بہبود بنائے جانے کا امکان ہے ۔لیاقت آسکانی ،ایاز مہر کو بھی سندھ کابینہ میں نمائندگی دی جاسکتی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کابینہ میں شامل کیے جانے والے نئے وزراء کی تقریب حلف برداری آج شام سات بجے گورنر ہاؤس کراچی میں ہوگی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل وزراء سے حلف لیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں