چیف جسٹس کیخلاف نازیبا زبان ، 2 وزرا سمیت پی پی کے 15رہنما طلب
چیف جسٹس آف پاکستان کے خلاف نازیبا زبان کے استعمال پر پاکستان پیپلزپارٹی کے 8 اراکین اسمبلی سمیت 15 رہنماؤں کو 12 اور 13 اگست کو ایف آئی اے سائبر کرائم طلب کر لیا گیا
کراچی (سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد کے ڈائریکٹر آپریشن کی نگرانی میں تین رکنی ٹیم کراچی میں بیانات قلمبند کرے گی۔ صوبائی وزرا سعید غنی اور سید ناصر حسین شا ہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم سے تاحال کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس کے خلاف پی پی کراچی کے مقامی رہنما مسعود الرحمن عباسی کی جانب سے نازیبا زبان استعمال کرنے پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد میں شروع ہونے والی انکوائری میں پیپلزپارٹی کے اراکین اسمبلی صوبائی وزیراطلاعات سید ناصرحسین شاہ، صوبائی وزیرتعلیم سعید غنی، شہلا رضا، ناز بلوچ، نفیسہ شاہ، شاہدہ رحمانی، قادر خان مندوخیل اور قادر پٹیل سمیت15 رہنماؤں کو طلب کر لیا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان رہنماؤں کو 12 اور 13 اگست کو طلب کیا گیاہے اور ان رہنماؤں کے بیانات ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کراچی میں لیے جائیں گے ۔ ایف آئی اے سائبر کرائم حکام کا کہنا ہے کہ انکوائری کی زد میں آنے والے پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما مسعود الرحمن عباسی کے موبائل فون سے رابطے کا ریکارڈ موصول ہوا ہے ، جس پر انہیں طلب کیا گیا ہے ۔