پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں کا آج یوم استحصال

  پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں کا آج یوم استحصال

مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال، شام 8تا ساڑھے 8 بلیک آؤٹ ، مظاہرے ہونگے کشمیریوں کے خلاف جرائم پربھارت کا محاسبہ کیا جائے ، صدر ، وزیراعظم

سرینگر،اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں ، سیاسی رپورٹر، وقائع نگار )آزاد و مقبوضہ کشمیر اورپاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج بھارت کے خلاف یوم استحصال منائیں گے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں مکمل ہڑتال اور سول کرفیونافذ کیاجائے گا جبکہ شام آٹھ سے ساڑھے آٹھ بجے تک بلیک آؤٹ ہو گا جوکل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے جاری احتجاجی کیلنڈر کے تحت اس دن سے شروع ہونے والے عشرہ مزاحمت کاحصہ ہوگا۔احتجاجی کیلنڈر کے مطابق پانچ اگست کو لال چوک کی طرف مارچ اور سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے جبکہ دس روز تک روزانہ شام کو خصوصی دعائیہ مجالس کااہتمام کیاجائے گا۔ کشمیری 11 اگست کو شہید شیخ عبدالعزیز اور دیگر شہدا ئکو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کریں گے ، احتجاجی کیلنڈر کے مطابق 15 اگست کو بھارت کایوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایاجائے گا۔اس دن سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے اوراحتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ، تحریک کشمیر یورپ کے زیر اہتمام یورپ کے مختلف شہروں میں5 اگست 2019کے بھارتی اقدامات کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا ۔لندن ، پیرس، برسلز، واشنگٹن اور کئی یورپی ممالک میں بھارتی سفارتخانوں کے سامنے کشمیری آج احتجاج کریں گے ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں وحشیانہ قبضے کو جاری رکھنے کے لئے 5 اگست 2019 جیسے غیر قانونی اقدامات کے باوجود کشمیری عوام کے جذبے کو توڑنے میں ناکام رہا ، اقوام متحدہ ،سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازع کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لئے ناگزیر ہے ، 5اگست کو یوم استحصال کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت اپنے جابرانہ تسلط کو برقرار رکھنے کے لئے تمام غیر قانونی اقدامات کے باوجود کشمیری عوام کے عزم صمیم کو متزلزل نہیں کرسکا، پاکستان ، کشمیری عوام اور بین الاقوامی برادری نے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو یکسرمسترد کیا ہے ،کشمیری عوام کے خلاف جرائم پربھارت کا محاسبہ کیا جائے ،میں کشمیرکازسے پاکستان کی پختہ وابستگی کا اعادہ کرتا ہوں، ہم کشمیری عوام کو ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں وکشمیر تناز ع کے منصفانہ حل تک اپنی ہر ممکنہ معاونت جاری رکھیں گے ۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کر کے انسانی حقوق کی بد ترین پامالی کی ہے ،بھارت کا غیر انسانی اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی نہ صرف کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی حقوق کے علمبردار ممالک، اداروں اور تنظیموں کیلئے ایک کھلا چیلنج بن چکا ہے ۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے ،مقبوضہ کشمیر میں قیام امن کے لئے ضروری ہے کہ آرٹیکل 370 اور 35 اے کو اس کی اصل صورت میں بحال کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا ۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت کا مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا متنازعہ، یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کشمیریوں کی تحریکِ آزادی کو دبانے کی ناکام کوشش ہے ۔ اپنے بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ مودی حکومت کے اقدامات نہ صرف مقبوضہ وادی اور اس کے پرامن عوام بلکہ یہ بین الاقوامی قوانین و عملداری، اقوام متحدہ کی قراردادوں جمہوری اقدار اور انسانیت پر بھی حملہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر اب دنیا کو بیدار ہونا چا ہئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں