ٹوکیو اولمپکس:ارشد ندیم تمغہ جیتنے کیلئے پاکستان کی امید

ٹوکیو اولمپکس:ارشد ندیم تمغہ جیتنے کیلئے پاکستان کی امید

گروپ میں پہلی پوزیشن ،نیزہ پھینکنے کا فائنل پر سوں ، پوری قوم دعا گو

لاہور(سپورٹس رپورٹر)ٹوکیو اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نیزہ پھینکنے کے فائنل میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ۔پاکستان کا آخری کھلاڑی میڈل کی امید بن گیا، ارشد ندیم نے جیولین تھرو مقابلوں کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا، فائنل پرسوں ہوگا ، وہ ٹوکیو اولمپکس میں براہ راست کوالیفائی کرنے والے واحد پاکستانی تھے ۔ساؤتھ ایشین گیمز کا نیا ریکارڈ قائم کرکے ارشد اب ٹوکیو میں تاریخ بنانے سے ایک قدم دور ہیں، ارشد ندیم نے ٹوکیو میں بھی ایسا نیزہ پھینکا کہ سب کی چھٹی ہوگئی۔ایونٹ میں شریک 32 ایتھلیٹس کو فائنل تک رسائی کیلئے پہلے 83.5کی تھرو درکار تھی، ارشد ندیم پہلی باری میں تو 78.5 کی تھرو کرسکے لیکن دوسری باری میں انہوں نے 85.16 کی تھرو کرکے فائنل کیلئے براہ راست کوالیفائی کرلیا انہوں نے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔یہ ارشد ندیم کی اپنے کیرئیر کی تیسری بہترین تھرو تھی، ارشد ندیم نے کہا ہے کہ قوم کی دعائوں سے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوا۔ دعائیں کرنے پر پوری قوم کا شکر گزار ہوں ۔ پاکستانی پرچم سر بلند کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔میاں چنوں کے چھوٹے سے گاؤں سے تعلق رکھنے والے ارشد ندیم ایک راج مستری کے بیٹے ہیں اوروسائل نہ ہونے کے باوجود وہ اپنی محنت سے اس مقام پر پہنچے ہیں ۔اسلام آباد میں امریکا کے سفارتخانے کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ایک پیغام میں فائنل تک رسائی پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی گئی۔پیغام میں ارشد ندیم کے فائنل میں بھی اپنی شاندار پرفارمنس برقرار رکھنے کا کہتے ہوئے میڈل راؤنڈ کیلئے گڈ لک کہا گیا۔دوسری جانب ارشد ندیم نے کوالیفائنگ مقابلے میں اپنی شاندار پرفارمنس سے قوم کے دل جیت لیے اور اب پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے ۔ فائنل مقابلے پرسوں پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہوں گے ۔ ارشد ندیم ٹاپ تھری ایتھلیٹ کے طور پر ٹریک پر آئیں گے اور یقینی طور پر وہ پاکستان کیلئے میڈل کی ایک امید ہوں گے ۔علاوہ ازیں صدر اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان اکرم ساہی نے ارشد ندیم کو فون کیا۔ صدر فیڈریشن نے ارشد ندیم کو فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ آپ نے فائنل میں پہنچ کر قوم کو خوشی دی ہے ، پوری قوم آپ کی کامیابی کیلئے دعا گو ہے ۔دوسری طرف پاکستانی کرکٹرز نے بھی انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ حسن علی نے میاں چنوں کے ایتھلیٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ سرخرو ہوں گے اور جب واپس آئیں گے توانہیں انعام دوں گا۔ وہاب ریاض ، عماد وسیم ، کامران اکمل،وسیم اکرم اور شاہد آفریدی نے بھی ارشد ندیم کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات ظاہر کیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں