عمران خان لیڈر، شہزاد اکبر بھائی ، جہانگیر ترین بائے : نذیر چوہان

عمران خان لیڈر، شہزاد اکبر بھائی ، جہانگیر ترین بائے : نذیر چوہان

انسان کو غلطی کا احساس ہو تو سافٹ وئیر اپ ڈیٹ ہو جاتا ہے ،رکن صوبائی اسمبلی ، نذیر چوہان کو مذہبی معاملات پر بیان بازی سے منع کیا تھا :راجہ ریاض کا ردعمل

لاہور(سیاسی رپورٹرسے ،اپنے خبر نگار سے ، مانیٹرنگ ڈیسک)سیشن عدالت نے مشیر وزیراعظم شہزاد اکبرسے صلح کی بنیاد پر حکومتی ایم پی اے نذیر چوہان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیدیا،عدالت نے رکن پنجاب اسمبلی کو ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ،جس کے بعد باقاعدہ طور پر انکی رہائی عمل میں آئی۔ادھررکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان نے کوٹ لکھپت جیل سے رہا ہوتے ہی ترین گروپ سے علیحدگی کا اعلان کردیا ،نذیر چوہان نے اس موقع پر کہا جہانگیر ترین نے مجھے اپنے کیس میں استعمال کیا ،مشکل وقت میں ایک فون کال کی بھی توفیق نہیں ہوئی۔ میرا شہزاد اکبرسے کوئی جھگڑا نہیں تھا ، شہزاد اکبر میرے بھائی ہیں ،دل آزاری پر معافی چاہتا ہوں،میرے ایک ہی لیڈر ہیں انکا نام عمرا خان ہے اورہمیشہ رہیں گے ۔ قبل ازیں نذیر چوہان کوٹ لکھپت جیل سے رہائی کے بعد صوبائی وزیر جیل خانہ جات کی رہائش گاہ پہنچے ، انہوں نے فیاض چوہان کے مثبت کردار پر شکریہ اداکیا ۔ میڈیا سے گفتگو میں نذیر چوہان نے کہا جہانگیر ترین کو شرم آنی چاہیے ،بہت سے منافق لوگوں کے چہرے اس مشکل میں سامنے آگئے ۔ ترین گروپ کے دیگر ارکان کو میری مثال سے سبق سیکھنا چاہیے ، جہانگیرترین کسی کا ساتھ نہیں دے سکتے ۔ اس موقع پر فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ میں نے اعلٰی قیادت سے مشاورت کے بعد اس تنازع کو حل کرنے میں کردار ادا کیا۔ شہزاد اکبر نے بھی مثبت کردار ادا کیا ،فیاض چوہان نے کہا ہمارا کوئی اختیار نہیں کہ کسی کے عقیدے پر اعتراض کریں اور بات کریں ۔نذیر چوہان نے کہا شہزاد اکبر پر الزام سوچ سمجھ کر نہیں لگایا تھا وہ فی البدیع میرے منہ سے نکل گیا تھا، انسان کو جب اپنی غلطی کا احساس ہو تو سافٹ وئیر اپ ڈیٹ ہو جاتا ہے ۔نذیر چوہان نے اس موقع پر پروڈکشن آرڈر جاری کرنے پر سپیکر پرویز الٰہی کا بھی شکریہ ادا کیا۔دوسری جانب نذیر چوہان کے الزامات پر ترین گروپ کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا کہ ،انہوں نے کہا نذیر چوہان کو مذہبی معاملات پر بیان بازی سے منع کیا تھا ، جیسے ہی مذہبی بیان بازی پر پکڑ ہوئی تو گروپ چھوڑ نے کا اعلان کردیا ، نذیر چوہان مرضی سے گروپ میں آئے ،وہ اتنے سادہ نہیں کہ ہم نے انہیں گمراہ کردیا، ہم سب جہانگیرترین قیادت میں متحد ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں