خطے میں قیام امن کیلئے مستحکم افغانستان ناگزیر : وزیر خارجہ

خطے میں قیام امن کیلئے مستحکم افغانستان ناگزیر : وزیر خارجہ

دہشتگردی سنگین خطرہ ، افغان تناز ع کا سیاسی حل چاہتے ہیں ، اجلاس سے خطاب ، لارڈ قربان ،راجہ نجابت حسین کی ملاقات ، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر ، وقائع نگار ،آئی این پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے پرامن اور مستحکم افغانستان ناگزیر ہے ،افغان تناز ع کا کوئی فوجی حل نہیں ،پاکستان افغان قیادت میں افغانوں کو قابلِ قبول جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے سیاسی حل کا حمایتی ہے ،دہشت گردی ہمارے معاشر ے کیلئے سنگین خطرہ بن چکی ہے ،پاکستان،دہشت گردی کے عفریت سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ،ہماری مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں نے ہزاروں کی تعداد میں جانوں کی قربانی دی ،دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان ایک جامع نیشنل ایکشن پلان پر عمل پیرا ہے ،پاکستان نے فیٹف کی جانب سے اٹھائے گئے نکات پر عمل درآمدکیلئے جامع ریگولیٹری میکانزم وضع کیا ہے ۔آسیان علاقائی فورم کے 28ویں وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ آسیان علاقائی فورم کے اجلاس میں شرکت کر کے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے ، پاکستان ہر طرح کی دہشت گرد کارروائیوں کی مذمت کرتا ہے ،ہمیں کسی ملک کو یہ اجازت ہرگز نہیں دینی چا ہئے کہ وہ سیاسی مقاصد کیلئے پوری قوم یا معاشروں پر دہشت گردی کے حوالے سے الزام تراشی کرے ، اسلاموفوبیا کے خلاف موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ ہم نے احساس ایمرجنسی پروگرام کے تحت 200 ارب سے زائد رقم معاشی طور پر کمزور 15 ملین خاندانوں میں تقسیم کی ،وزیر خارجہ نے کہا گزشتہ ایک دہائی سے دہشت گردی ہمارے معاشر ے کیلئے سنگین خطرہ بن چکی ہے ، عالمی برادری ماضی کی غلطیوں کو نہ دہراتے ہوئے افغانستان کی تعمیر نو میں اپنا کردار ادا کرے ۔ دریں اثنا بر طانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین نے جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کے ہمراہ وزارتِ خارجہ میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف برطانوی پارلیمنٹ اور بین الاقوامی فورمز پر سفارتی کاوشوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر خارجہ نے برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر لارڈ قربان کا شکریہ ادا کیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں