آئندہ نسلوں کو صاف ستھرا ماحول دینے کیلئے درخت لگانا ہونگے : عمران خان ، لاہور میں دنیا کے سب سے بڑے میاوا کی جنگل کا افتتاح

آئندہ نسلوں کو صاف ستھرا ماحول دینے کیلئے درخت لگانا ہونگے : عمران خان  ، لاہور میں دنیا کے سب سے بڑے میاوا کی جنگل کا افتتاح

یہ تو شروعات ہمارا ہدف 10 ارب درخت ہیں، نوجوان اور طلبا اپنے حصے کا پودا لگائیں اور پرورش بھی کریں ، وزیراعظم ، عوام کو ریلیف کے اقدامات میں تیزی لائیں،وزیراعظم، گورنر،وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات ،وزیرخزانہ ، خسرو بختیار بھی ملے

لاہور( سیاسی رپورٹرسے ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے پاکستان کی 64 سالہ تاریخ میں صرف 64 کروڑ درخت لگائے گئے جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے 2013 سے 2018 تک صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت لگائے ،لاہور کا میاواکی جنگل دنیا کا سب سے بڑا جنگل ہوگا، یہ تو شروعات ہے ، ہمارا ہدف 10 ارب درخت لگانے کا ہے ۔دنیا بھر کی طرح پاکستان کو بھی ماحولیاتی آلودگی کا سامنا ہے ،آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا ماحول دینے کے لیے ہمیں درخت لگانا ہوں گے ۔وہ پیر کے روز کلین اینڈ گرین پاکستان ویژن کے تحت سگیاں لاہو ر میں میاواکی جنگل کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پروزیراعلیٰ عثمان بزدار، وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم، وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب،معاون خصوصی شہباز گل، صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان ،پی ایچ اے اور محکمہ ماحولیات کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ وزیراعظم نے کہا میاواکی جنگلات سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی ہوگی، کلین اینڈ گرین پاکستان ہماری منزل ہے ۔ انہوں نے کہا کلین اینڈ گرین پاکستان مہم تحریک کی شکل اختیار کر چکی ہے ، گلوبل وارمنگ کی وجہ سے زمین کا درجہ حرارت بڑھ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا میاواکی جنگلات لگانے پر انتظامیہ اور خاص طور پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا یہ وہ لاہور شہر ہے جہاں ہم بڑے ہوئے یہاں باغات، درخت اور صاف آب و ہوا تھی لیکن دیکھتے ہی دیکھتے لاہور پاکستان کا آلودہ ترین شہر بن گیا ہے ۔انہو ں نے کہا ہم آنیوالی نسلوں کیلئے بہتر ملک چھوڑ کر جائیں گے ۔وزیراعظم نے نوجوانوں اور طلبا پر زور دیا کہ وہ اپنے حصے کا ایک ایک پودا لگائیں اور اس کی پرورش بھی کریں تاکہ ہم آنیوالی نسلوں کو بہتر اور صاف ماحول دے سکیں۔ انہوں نے کہا جنگل کو اس کے بانی جاپان کے آنجہانی پروفیسر میاواکی سے منسوب کرتے ہیں جن کی پچھلے مہینے ہی وفات ہوئی ہے ۔وزیراعظم نے کہا مجھے بڑا فخر ہے کہ پاکستان وہ ملک ہے جس نے گلوبل وارمنگ روکنے کے لئے اپنی حیثیت سے بڑھ کر کردار ادا کیا ہے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم کومیاواکی اربن فارسٹ پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا لاہور میں ایسے 53 فاریسٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جولاہور کی فضا میں کاربن کی مقدار کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے ، 100 کنال پر محیط جدید ٹیکنالوجی سے لگائے جانے والے اس جنگل میں مجموعی طور پر 165000پودے لگائے جارہے ہیں جو عام جنگلات کی نسبت دس گنا زیادہ تیزی سے اگتے ہیں۔ بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے پود ا لگا کر میاواکی اربن فارسٹ کا افتتاح کیا۔ دریں اثناء وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ عوام کو ریلیف کے اقدامات میں تیزی لائی جائے ۔ وزیراعلیٰ اورگورنرپنجاب نے وزیراعظم سے ملاقات کرکے صوبے کے امورپر بریف کیا ۔ملاقات میں صوبے میں امن و امان اور عوامی فلاح کے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔گورنرہائوس میں اوورسیز پاکستانیوں کا کنونشن اور غیرملکی سرمایہ کاروں کے لئے کانفرنس بلانے کا بھی جائزہ لیاگیا۔دورہ لاہور کے دوران عمران خان سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے گورنرہائوس میں ملاقات کی جس میں پنجاب کے انتظامی امور، عوام کو ریلیف کے اقدامات پربات چیت کی گئی ۔مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے تدارک کے لائحہ عمل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت پر بھی تفصیلی گفتگوکی گئی ۔ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو حکومت پنجاب کے انتظامی ڈھانچے کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ۔وزیر اعظم نے ان اقدامات کو تسلی بخش قراردیا ۔وزیراعلی ٰنے وزیراعظم کو بھونگ میں مندر کی تعمیر اور اقلیتوں کے تحفظ کیلئے انتظامات کو مزید مستحکم کرنے کی حکمت عملی پر بھی بریفنگ دی۔ وزیراعظم عمران خان سے گورنر چودھری محمد سرور نے بھی ملاقات کی ۔ ملاقات میں وزیراعظم نے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کیلئے پنجاب آب پا ک اتھارٹی کے 1500سے زائد نئے منصوبے شروع کر نے کے اقدامات کو سراہا۔گورنر پنجاب نے آزاد کشمیر انتخابات میں تحر یک انصاف کی کامیابی پر وزیر اعظم کو مبارکباد دی اور بتایا ہم بہت جلد گورنر ہائوس میں اوورسیز پاکستانی کنونشن بلارہے ہیں جن میں اوورسیز پاکستانیوں سمیت غیر ملکی سر مایہ کاروں کو پنجاب سمیت ملک بھر میں سرمایہ کاری کے لئے دعوت دی جائے گی۔بعد ازں پنجاب آب پاک اتھارٹی کے پیٹرن انچیف و گور نر محمدسرور نے اجلاس کے دوران وزیراعظم کو پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کے حوالے سے بر یفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور دیگر بھی موجو د تھے ۔ عمران خان نے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین تر جیح ہے جس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے اقداما ت کو مزید تیز کیا جائے ۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں گور نرنے گورنر ہائوس میں اوورسیز پاکستانی کنونشن بلانے کا اعلان کردیا اور کہا پنجاب کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے وفاقی اور پنجاب حکومت سمیت تمام متعلقہ محکمے ایک پیج پر ہیں۔وزیر مملکت فرخ حبیب کاکہناتھا پنجاب کی12کروڑآبادی کوصاف پانی فراہم کیا جائے گا،پنجاب کے 36اضلاع میں12ارب روپے کی لاگت سے پانی کے پلانٹ لگائے جارہے ہیں،شہبازشریف دورمیں صوبے میں116فلٹریشن پلانٹ پرساڑھے 7ارب روپے لاگت آئی،شہبازشریف دورمیں ایک فلٹریشن پلانٹ پرساڑھے 6کروڑروپے لاگت آئی،موجودہ دورمیں ایک فلٹریشن پلانٹ پر30لاکھ روپے لاگت آرہی ہے ۔وزیر اعظم سے وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے بھی ملاقات کی جس میں بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے بیرونی سرمایہ کاری کے لیے سازگار اقدامات کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم کاکہناتھاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی مکمل حوصلہ افزائی کی جائے ۔وزیر اعظم نے فیڈمک اور پیڈمک کے بورڈ ز کی ازسر نو تشکیل کی بھی منظوری دی۔ وزیر اعظم کی جانب سے اسمبلی کے فلور پر حکومت کی احسن نمائندگی پر میاں اسلم اقبال کی تعریف کی گئی۔وزیراعظم سے سینیٹر اعجاز چودھری نے بھی ملاقات کی جس میں ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور پرمشاورت کی گئی ۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے وزیر خزانہ شوکت ترین اور معاون خصوصی عثمان ڈار نے بھی ملاقات کی۔وزیراعظم کو کامیاب پاکستان پروگرام کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعظم نے کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت ریلیف کا دائرہ کار وسیع کرنے کی ہدایت کی۔ عمران خان کا کہنا تھا فلیگ شپ فلاحی پروگرام کے ذریعے کم آمدنی والے خاندانوں کو سہولت دی جائے ۔عمران خان نے کہا مستحق خاندانوں کو غربت کی سطح سے نکالنے کیلئے تمام حکومتی وسائل استعمال کئے جائیں۔وزیر اعظم سے وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے بھی ملاقات کی۔ جس میں ملک بھر میں صنعتی زونز کے قیام سے متعلق پیشرفت پربریفنگ دی گئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں