افغان امن کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے : کسی کو قربانی کا بکرا بنانے سے گریز کیا جائے : آرمی چیف ، کور کمانڈرز کانفرنس میں افغانستان کیساتھ سرحد کی صورتحال پر بریفنگ

افغان امن کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے : کسی کو قربانی کا بکرا بنانے سے گریز کیا جائے : آرمی چیف ، کور کمانڈرز کانفرنس میں افغانستان کیساتھ سرحد کی صورتحال پر بریفنگ

ہم نے خلوص نیت سے امن عمل کو مذاکرات کے ذریعے متفقہ حل تک پہنچانے کی کوشش کی ، امن کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا،جنرل قمر جاوید باجوہ ، کانفرنس میں داخلی سلامتی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ ، ملک کو درپیش گوناگوں سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے جامع قومی پالیسی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور

لاہور (نیوز ڈیسک ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں گزشتہ روز جی ایچ کیو میں دو روزہ 242 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں عالمی ، علاقائی اور داخلی سلامتی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر فورم کو پاک افغان سرحد کی ابھرتی صورتحال، اس کے پاکستان کی داخلی سلامتی خصوصاً مغربی علاقے میں اثرات اور ابھرتے چیلنجز سے نمٹنے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے ان ٹھوس اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا جو بارڈر مینجمنٹ سسٹم کے تحت موثر بارڈر کنٹرول کو یقینی بنانے کیلئے اٹھا ئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مغربی سرحد کے گرد نگرانی مزید سخت کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ کانفرنس سے خطاب میں پاکستان کے امن ، رابطے اور مشترکہ خوشحالی کے ویژن پر زور دیتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہم نے خلوص نیت کے ساتھ افغانستان میں امن عمل کو مذاکرات کے ذریعے متفقہ حل تک پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی آئندہ بھی افغان امن کیلئے کو ششیں جاری رکھیں گے ، افغانستان میں دائمی قیام امن کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا جوکہ خطے کے استحکام کیلئے انتہائی اہم ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خرابی پیدا کرنے والے عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ضروری ہے غلط تاثر قائم کرنے اور افغان معاملے پر کسی کو قربانی کا بکرا بنانے سے گریز کیا جائے ۔کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے پاکستان کو مختلف محاذوں پر درپیش گوناگوں سکیورٹی چیلنجز کا مجموعی جائزہ لینے کے بعد ایک جامع قومی پالیسی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے آپریشنل تیاری کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنے اور کوویڈ 19 کے خلاف جاری قومی کوششوں، مون سون اور پولیو مہم میں سول انتظامیہ کو سپورٹ فراہم کرنے پر تمام فارمیشنوں کی تعریف کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں