عالمی فورمز پر ایک دوسرے کا ساتھ دینگے :پاکستان عراق کا اتفاق
عراق پاکستانی زائرین کیلئے ویزوں میں نرمی کرے:شاہ محمود قریشی ، افغان تنازع کا حل فریقین میں مذاکرات سے ہی ممکن:عراقی وزیر خارجہ
اسلام آباد (وقائع نگار)پاکستان اورعراق نے عالمی فورمز پر تعاون ،سیاسی مشاورت آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ،وزارتِ خارجہ میں پاکستان اور عراق کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پاکستان اور عراق کے درمیان سیاسی مشاورت کے عمل کو آگے بڑھانے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر اتفاق کیا ہے ۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق عراقی وفد کی قیادت عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت شاہ محمود نے کی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم بغداد میں ہونیوالے والے مشترکہ وزارتی کمیشن کے نویں اجلاس کے جلد انعقاد کے متمنی ہیں۔وزیر خارجہ نے پاکستانی زائرین کی سہولت کیلئے خصوصی تعاون کی درخواست کی۔ دونوں وزرائے خارجہ کا پاکستان اور عراق کے درمیان اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاہے ۔ وزیر خارجہ نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کی حالت زار، مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا ۔ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین نے کہا کہ عراق پاکستان کیساتھ تجارت اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے ،بعض ممالک خطے میں کشیدگی تاہم ہم ڈائیلاگ پر یقین رکھتے ہیں۔افغانستان کی صورتحال پر تشویش ہے ،پاکستان نے افغان مفاہمتی عمل میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا عراق پاکستانی زائرین کیلئے ویزوں میں نرمی کرے ۔عراقی وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان تنازع کا حل تمام فریقوں کے مابین پر امن مذاکرات سے ہی ممکن ہے ،پر امن افغانستان تمام ملکوں کے مفاد میں ہے ۔ پاکستانی زائرین کیلئے ویزوں میں نرمی کے حوالے سے عراقی وزیر خارجہ نے کہا کہ میں ملک واپسی پر وزیر داخلہ سے ملاقات کرونگا اور اس کیلئے طریقہ کار وضع کرینگے ۔