افغان صورتحال: آرمی چیف سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات
پاکستان افغانستان مسئلہ کے پر امن حل کیلئے تعاون جاری رکھے گا،جنرل باجوہ ، انجیلا ایگلر کی خطے میں امن و امان ‘ استحکام کیلئے پاکستان کی تعریف
لاہور(نیوز ڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں امریکا کی ناظم الامور انجیلا ایگلر نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، افغانستان کی موجودہ صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے کہا پاکستان امریکا کے ساتھ طویل المدتی اور کثیر الجہتی پائیدار تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے ۔ آرمی چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان افغان امن عمل کے لئے پرعزم ہے اور پرامن تصفیہ کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ امریکی ناظم الامور نے خطے میں امن اور استحکام کے لئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعتراف کیا اور اس کی تعریف کی اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔