افغانستان بارے عوام کو اچھی خبریں ملیں گی: طاہر اشرفی

افغانستان بارے عوام کو اچھی خبریں ملیں گی: طاہر اشرفی

خواہش ہے افغانستان کے اندر خون بہنا بند ہوجائے اور قومی حکومت بنے ، بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کیلئے جدوجہد جاری رہے گی: پریس کانفرنس

لاہور (سیاسی نمائندہ)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی،متحدہ علمابورڈ حکومت پنجاب کے صدراور پاکستان علماکونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے محرم الحرام میں امن وامان کے قیام کیلئے علمامشائخ ،سیاسی ومذہبی جماعتوں کے قائدین ،وزارت اطلاعات ،وزارت مذہبی امور،متحدہ علمابورڈ،اوقاف ،اسلامی نظریاتی کونسل ،آئی ایس پی آراور سکیو رٹی اداروں کے کردار کو قابل تحسین قراردیتے ہوئے واضح کیاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ملک میں بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی اوررواداری کے فروغ کیلئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ہماری خواہش ہے کہ افغانستان کے اندر خون بہنا بند ہوجائے اور قومی حکومت کا قیام عمل میں آئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وزیر اعلیٰ میں متحدہ علمابورڈ کے غیر رسمی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ طاہر اشرفی کامزیدکہناتھاکہ افغانستان کے ساتھ تعلقات بارے وزارت خارجہ بہت مثبت انداز میں کام کررہی ہے ۔ افغانستان بارے عوام کو اچھی خبریں ملیں گی ۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن کے قیام سے پاکستان میں بھی امن قائم ہوگا 20،سال بھارت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف سازشیں کرتارہا۔ وہاں سے پاکستان کے اندر دہشتگردی کی کارروائیوں کو آپریٹ کیاجاتارہا ،اب افغان طالبان نے یقین دہانی کرائی ہے افغان سرزمین کو پاکستان سمیت کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیاجائے گا ۔اشرفی نے محرم الحرام کے دنوں میں افغان طالبان قیادت کی امام بارگاہوں میں خطبات ،جلوسوں میں شرکت ،انہیں سکیو رٹی کی فراہمی اور دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والی اقلیت کو مکمل تحفظ کی یقین دہانی کو بھی مثبت اقدام قراردیتے ہوئے سراہا ۔انہوں نے کہاکہ بہاولنگر میں ایک افسوسناک واقعہ کے علاوہ پورے پاکستان میں مکمل امن رہا۔بہاولنگر واقعہ کے بعد تمام مسالک نے اس بارے مثبت کرداراداکیا ،گرفتارملزمان کو کیفرکردارتک پہنچایاجائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں