غلام محمد میمن قائم مقام آڈیٹر جنرل پاکستان مقرر

غلام محمد میمن قائم مقام آڈیٹر جنرل پاکستان مقرر

قائم مقام چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے حلف لیا،جاویدجہانگیرریٹائر ، مستقل تقرر کا فیصلہ تبدیل ،یوسف رضا ،ندیم گوندل کے عزیز بھی زیر غور

لاہور (ذوالفقار علی مہتو سے )وفاقی حکومت نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان جاوید جہانگیر کی 4 سالہ مدت پوری ہونے پر محکمہ آڈیٹر جنرل کے گریڈ 22 کے سینئر ترین افسر غلام محمد میمن کو قائم مقام آڈیٹر جنرل پاکستان مقرر کردیا ۔قائم مقام چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے گزشتہ روز تقریب کے دوران نئے قائم مقام اے جی پی سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ ‘‘دنیا ’’کے ذرائع کے مطابق ملک کے اہم ترین آئینی عہدوں میں سے ایک پر غلام محمد میمن کی عارضی بنیاد پر تعیناتی کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خزانہ شوکت ترین نے مشاورت سے کیا ہے لیکن مستقل آڈیٹر جنرل پاکستان کے تقرر کے لئے وزارت خزانہ کی سمری میں 3 نام وزیر اعظم کو بھیجے گئے تھے جن میں غلام محمد میمن کے علاوہ کنٹرولر جنرل اکاؤنٹس پاکستان فرخ حامدی اور وفاقی سیکرٹری فوڈ سکیورٹی غفران میمن شامل تھے جبکہ اسی محکمے کے گریڈ 22 کے غضنفر جیلانی اور اجمل گوندل کو فہرست سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم نے بھیجے گئے تین ناموں میں سے کسی کی بھی مستقل طور پر تعیناتی نہیں کی جس کی وجہ دوسرے سروسز گروپس سے نئے امیدواروں کا دوڑ میں شامل ہونا ہے جبکہ غضنفر جیلانی اور اجمل گوندل کو ان کے سیاسی اثر و رسوخ کی بنیاد پر دوبارہ فہرست میں شامل کرانے کی کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔ غضنفر جیلانی امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر جلیل عباس جیلانی، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے فرسٹ کزن جبکہ سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کے سگے بھتیجے ہیں جبکہ اجمل گوندل منڈی بہاؤالدین سے پی ٹی آئی کے سابق ٹکٹ ہولڈرز ندیم افضل گوندل، نذر محمد گوندل کے قریبی عزیز ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں