صدر مملکت نے الیکشن ترمیمی آرڈیننس پر دستخط کر دئیے

صدر مملکت نے الیکشن ترمیمی آرڈیننس پر دستخط کر دئیے

ترمیمی آرڈیننس کے تحت منتخب ارکان کو 60 دن کے اندر حلف اٹھانا ہوگا

اسلام آباد (سیا سی رپورٹر)صدر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 89 کے تحت الیکشن (تیسری ترمیم) آرڈیننس 2021ء پر دستخط کر د ئیے ۔ آرڈیننس کی مدد سے الیکشن ایکٹ 2017 ء کے سیکشن 72 میں ترمیم کی گئی ، آرڈیننس کے مطابق منتخب ارکان کو 60 دن کے اندر حلف اٹھانا ہوگا ،سینیٹ ، اسمبلی یا مقامی حکومت کیلئے منتخب اراکین کی نشست وقت پر حلف نہ اٹھانے کی صورت میں خالی ہو جائے گی۔ایوان صدر سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق صدر عارف علوی نے پاکستان کونسل آف ریسرچ برائے آبی وسائل (ترمیمی) آرڈیننس 2021ء بھی جاری کر دیاہے ۔پاکستان کونسل آف ریسرچ برائے آبی وسائل ، ایکٹ 2007 ء کے سیکشن 16 میں ترمیم کی گئی جس کے تحت کونسل کو ادارے کی بہتر کارکردگی اور فرائض کی انجام دہی کیلئے ملازمین کی تعیناتی کا اختیار ہوگا، کونسل کو کنٹریکٹ پر مشیر اور ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا بھی اختیار ہوگا۔ مزید یہ کہ صدر نے محمد سعید اللہ کی ڈیپوٹیشن پر احتساب عدالت راولپنڈی کے جج کے طور پر تعیناتی کی سمری بھی منظور کر لی ہے ۔ ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے گریڈ 20 کے افسر خواجہ شوکت حسین کے خلاف سول سرونٹ (ای اینڈ ڈی ) رولز 2020ء کے تحت کارروائی کرنے کی سمری کی بھی منظوری دے دی جبکہ صدر نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل II کوئٹہ نذر محمد کا استعفیٰ بھی منظور کر لیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں