پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کیلئے اقدامات کئے جائیں:وزیر اعظم

پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کیلئے اقدامات کئے جائیں:وزیر اعظم

صوبے کے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری موخر ،مزید غور کرنیکی ہدایت

اسلام آباد،لاہور(اے پی پی،سیاسی رپورٹر سے )وزیراعظم عمران خان نے مقامی حکومت کو جمہوریت کا بنیادی ڈھانچہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے فوری انعقاد کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ منگل کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب میں بلدیاتی امور سے متعلق اجلاس ہوا۔جس میں وفاقی وزیر اسد عمر ، وزیر بلدیات میاں محمود الرشید وزیر صنعت میا ں اسلم اقبال، وزیر قانون راجہ بشارت اورپی ٹی آئی کے دیگر رہنما شریک ہوئے مسلم لیگ قائد اعظم کی جانب سے وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الٰہی اور طارق بشیر چیمہ نے شرکت کی۔ کچھ رہنمائوں نے ویڈیو لنک پر اور کچھ براہ راست اجلاس میں شریک ہوئے ۔وزیراعظم کو نئے بلدیاتی نظام کے اہم نکات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا مضبوط بلدیاتی نظام کے بغیر جمہوریت نامکمل ہے ۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ بلدیاتی نمائندوں کے براہ راست انتخاب کو یقینی بنائیں۔سیاسی رپورٹرسے کے مطابق اجلاس میں پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری مزید مشاورت کے لئے موخر ہوگئی ، وزیراعظم کو اتحادی کمیٹی کی سفارشات بھی پیش کی گئیں ،وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب کے لئے نئے بلدیاتی نظام پر مزید غور کرنے کی ہدایت کردی ، وزیراعظم نے دیہی اورشہری تقسیم کو نئے نظام میں مدنظر رکھ کر اقدامات کی ہدایت کی ، آئندہ دو سے تین روز میں اتحادی قیادت کی دوبارہ میٹنگ ہوگی ، بلدیاتی نظام کے نکات کا دوبارہ جائزہ لیکر سفارشات مرتب کی جائیں گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں