ڈیجیٹل ترقی کا نیا دور، ایک کلک پر 20خدمات، عوام کیلئے آسانیاں‌ لارہے : بزدار

ڈیجیٹل ترقی کا نیا دور، ایک کلک پر 20خدمات، عوام کیلئے آسانیاں‌ لارہے : بزدار

عوام کو گھر بیٹھے سہولتیں دی جا رہی ہیں،وقت کی بچت کے ساتھ ٹیکس کی آسان ادائیگی کو یقینی بنایا ، بیان ، صدر کا خطاب قومی اتحاد و یکجہتی کا مظہر،اپوزیشن نے غیر جمہوری رویئے کا مظاہرہ کیا

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پرشہریوں کو 20 سے زائد خدمات ایک کلک کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہیں۔ای پے کے ذریعے 40 ارب روپے سے زائد کے محصولات وصول کئے ہیں اور 55 لاکھ سے زائد شہری ای پے کی سہولت سے مستفید ہو چکے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو گھر بیٹھے سہولتیں دی جا رہی ہیں۔وقت کی بچت کے ساتھ ٹیکس کی آسان ادائیگی کو یقینی بنایا گیا ۔ اپنے بیان میں وزیر اعلی ٰ نے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ٹوکن ٹیکس، پراپرٹی ٹیکس، پروفیشنل ٹیکس، کاٹن فیس، ای آکشن اور موٹر وہیکلز کی رجسٹریشن و ٹرانسفر فیس ای پے کے ذریعے کی جا سکتی ہے اور اسی طرح پنجاب ریونیو اتھارٹی کے سیلز ٹیکس اور پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی ادائیگی ای پے کے ذریعے ممکن ہے ۔لاہور، ملتان، راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں ٹریفک چالان کی ادائیگی ای پے کے تحت ہو سکتی ہے ۔بورڈ آف ریونیو میں انتقال (میوٹیشن) فیس، فرد فیس اور ای سٹیمپنگ فیس کی ادائیگی ای پے کے ذریعے کی جا سکتی ہے ۔ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ میں روٹ پرمٹ اور وہیکلز فٹنس سرٹیفکیٹ بھی ای پے کے تحت حاصل کئے جا سکتے ہیں۔محکمہ آبپاشی میں ای آبیانہ سسٹم شروع کیا گیا ہے اور ابتدائی طور پر ای آبیانہ کا آغاز خانواہ، لیہ، قصور اور شیخوپورہ سے کیا گیا ہے ۔عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو ہر سطح پر فروغ دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں خدمات کے حصول کو آسان بنایا گیا ہے ۔آٹومیشن کی وجہ سے عوام کو سرکاری محکموں کے چکر نہیں لگانا پڑتے ۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صدرعارف علوی کا پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے خطاب قومی اتحاد اور یکجہتی کا مظہرہے ۔ اپوزیشن جماعتوں نے غیر پارلیمانی اور غیر جمہوری رویئے کا مظاہرہ کیا۔ صدر مملکت کے خطاب کے دوران شور مچا کر اپوزیشن عناصر نے اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت دیا۔عثمان بزدارنے عالمی یوم جمہوریت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جمہوریت ہی مساوی انسانی حقوق کی ضامن ہے اور کسی بھی معاشرے میں مساوات کیلئے جمہوریت ضروری ہے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بھارت نام نہاد جمہوریت کا دعویدار لیکن جمہوری اقدار کا سب سے بڑا دشمن ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں