پی ٹی آئی میڈیا کو بھی اپنے نرغے میں لینا چاہتی : سراج الحق

پی ٹی آئی میڈیا کو بھی اپنے نرغے میں لینا چاہتی : سراج الحق

قوم کے تین سال بربادکر دیئے ، ہرشعبہ میں زوال ، بے روز گاری کا طوفان آیا ، آئندہ الیکشن میں بھی ایماندار اور قابل افراد کو آگے لائیں گے ، اجلاس سے خطاب

لاہور (سیاسی نمائندہ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے واضح کیا ہے کہ جماعت اسلامی ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے آئندہ الیکشن میں بھی ایماندر اور قابل افراد کو آگے لائے گی اور خصوصی طور پر نوجوانوں کو قیادت کا زیادہ سے زیادہ موقع فراہم کیا جائے گا۔ وہ مرکزی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔منصورہ میں کئی گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں مختلف حلقوں میں امیدواروں کی پرفارمنس کا جائزہ لیا گیااور آئندہ الیکشن میں ان کو قومی و صوبائی اسمبلی کے ٹکٹس جاری کرنے سے متعلق مشاورت ہوئی۔سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی نے قوم کے تین سال بربادکر دیئے ہیں۔ ہرشعبہ میں زوال آیا ہے ۔ پی ٹی آئی اب میڈیا کو بھی اپنے نرغے میں لینا چاہتی ہے ،جماعت اسلامی یہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ میڈیا پر قدغن قبول نہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے نہ صرف معیشت بلکہ نظریاتی محاذوں پر بھی ملک کا ستیاناس کیا۔ ثابت ہو گیا ہے کہ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں میں کوئی فرق نہیں۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن ریفارمز پر حکومت اور نام نہاد بڑی اپوزیشن جماعتوں میں جنگ جاری ہے ،ملک کی کسی کو فکرنہیں۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی الیکشن سے متعلق اپنا وعدہ پورا کرے ۔ بلدیاتی الیکشن نہ کرا کر پی ٹی آئی نے ثابت کر دیا کہ اس کے جمہوریت کی بالادستی کے دعوے سراسر جھوٹ ہیں۔ وزیراعظم ماضی میں مسلسل اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کا راگ الاپتے رہے ، مگر اقتدار میں آتے ہی انھوں نے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تین سالہ دور میں بے روزگاری کا طوفان آیا اور مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی۔ اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے ، معیشت کا پہیہ جام، غریبی اور بے کسی ہر دروازے پر دستک دے رہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں