سندھ کا عمرشریف کیلئے ایئرایمبولینس کا بندو بست،4کروڑ جاری
سندھ حکومت نے معروف اداکار عمر شریف کے علاج کیلئے ایئر ایمبولینس کا بندوبست کرنے کے ساتھ 4 کروڑ روپے کی رقم بھی جاری کردی
لاہور،کراچی (لیڈی رپورٹر سے ،سٹاف رپورٹر)محکمہ خزانہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق عمرشریف کا امریکا میں علاج کرانے کیلئے 4 کروڑ روپے جاری کردئیے گئے ہیں، اس کے علاوہ ایئر ایمبولینس کا بندوبست بھی کیا گیا ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمرشریف کے بیٹے جواد عمر نے بتایا کہ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے والدکیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا تھا، امید ہے کہ والد جلد علاج کیلئے امریکا روانہ ہوجائیں گے ۔جواد عمرکا کہنا تھا کہ وہ اپنے والد کی صحت یابی کیلئے دعائیں کرنے پر مداحوں کے شکرگزار ہیں۔عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر شریف نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر شریف کو علاج کیلئے امریکی دارالحکومت واشنگٹن لے جایا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ علاج پر آنے والے تمام اخراجات حکومت سندھ برداشت کرے گی۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کے حوالے سے آج ویزا ملنے کا امکان ہے ،ادھر امریکا میں عمرشریف کے ڈاکٹر اور معروف ادکارہ ریما کے شوہر طارق شہاب کا کہنا ہے کہ عمر شریف کے علاج میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے ،ریما کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ مجھے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب پر فخر ہے جنہوں نے عمر شریف کے اس ہائی رسک پروسیجر کیلئے حامی بھری اور امریکا منتقلی کے انتظامات میں ان کے اہل خانہ کی بھی مدد کررہے ہیں۔