پنجاب:7سیکرٹریز،4کمشنرز، 8ڈی سیزکے تبادلوں کا امکان

 پنجاب:7سیکرٹریز،4کمشنرز، 8ڈی سیزکے تبادلوں کا امکان

سفارش پراہم عہدوں پرتعیناتی ،مایوس کن کارکردگی پرہٹانے کافیصلہ کرلیاگیا ، کمشنرلاہور کی سیکرٹری داخلہ تعیناتی ،سیکرٹری سروسزصائمہ سعیدکوبدلنے پرغور

لاہور(اپنے نامہ نگار سے )پنجاب میں نئے چیف سیکرٹری ڈاکٹر کامران علی افضل کی تعیناتی کے بعدافسران کے تقرر و تبادلوں کی نئی لہر چلنے کو تیار ہے ۔ ذرائع کے مطابق 7 سیکرٹریز، 4کمشنرز، 8ڈپٹی کمشنرزکے تقرروتبادلوں کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق ایسے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسران جو سفارش کی بنیاد پر اہم ضلعی عہدوں پر تعینات ہوئے اور ایسے افسران جن کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی انہیں ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔سیکرٹری فوڈ شہریار سلطان، سیکرٹری آبپاشی کیپٹن ریٹائرڈ سیف انجم کو تبدیل کرکے اہم محکمے میں تعینات کرنے کا امکان ہے ۔سیکرٹری معدنیات، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن، سیکرٹری و یمن ڈویلپمنٹ کی بھی تبدیلی کا امکان ہے ۔سیکرٹری لیبر، سیکرٹری لائیو سٹاک میں بھی بہتر افسران تعینات کئے جائیں گے ، ذرائع کے مطابق کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کو تبدیل کرکے آن پے اینڈ سکیل پر سیکرٹری داخلہ تعینات کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔سیف انجم کا تبادلہ کرکے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب تعیناتی پر غور کیا جارہاہے ۔سیکرٹری داخلہ کے لئے دو افسران سیف انجم اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کے نام زیر غورہیں،ذرائع کے مطابق سیکرٹری سروسز صائمہ سعید کو تبدیل کرنے کا امکان ہے ، متعدد سینئر افسران نے محکمہ سروسز سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے ۔سابق چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے بعض فیصلے سیکرٹری سروسز صائمہ سعید کے کہنے پر کئے جس پر بہت سے مسائل پیدا ہوئے ،شہریار سلطان یا احمد رضا سرور کو سیکرٹری سروسز تعینات کرنے پر غور کیا جارہا ہے ،سیکرٹری اوقاف نبیل جاوید کو بھی تبدیل کئے جانے کا امکان ہے ،کمشنر فیصل آباد ثاقب منان، کمشنر ساہیوال بہادر علی قاضی، کمشنر راولپنڈی گلزار شاہ، کمشنر سرگودھا فرح مسعود کی تبدیلی کا امکان ہے ، ڈپٹی کمشنر قصور آسیہ گل، ڈپٹی کمشنر پاکپتن رانا شکیل، ڈپٹی کمشنر جہلم رائو پرویز ، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب مصور احمد، ڈپٹی کمشنر اصغر جوئیہ کو ہٹائے جانے کا امکان ہے ۔ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ کو ایک بار پھر تبدیل کئے جانے اور یہاں پر سینئر آفیسر کو تعینات کرنے پر غور ہورہا ہے کیونکہ جونیئر آفیسر کی تعیناتی سے بہت سے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ ڈی سی لاہور کیلئے سلمان غنی، کیپٹن (ر)سہیل اشرف سمیت 4 نام زیر غور ہیں۔ جنوبی پنجاب کے چار اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی تبدیلی بھی زیر غور ہے ۔واضح رہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب ڈاکٹر کامران علی افضل نے تعیناتی کے بعد ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ سے متعلق جو اہم فیصلے کئے ان کو بیوروکریسی میں سراہا جارہا ہے ۔اس سے معاملات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں