ہڈیارہ میں بچہ زیادتی کے بعد قتل، لاش پنکھے سے لٹکا دی : ستوکتلہ میں اوکاڑہ سے آئی لڑکی سے زیادتی

ہڈیارہ میں بچہ زیادتی کے بعد قتل، لاش پنکھے سے لٹکا دی : ستوکتلہ میں اوکاڑہ سے آئی لڑکی سے زیادتی

نامعلوم افراد نے حویلی میں پہلے زیادتی کا نشانہ بنایا پھر اسکی قمیض اتار کر لاش لٹکا کرفرار ، میرے ساتھ بہت ظلم ہوا: والد ، لڑکی موبائل پر دوستی کے بعد ملنے آئی تو ملزم نے جوس پلا کر بہوش کیا ، پھر دوستوں سے مل کر زیادتی کی ، ایک ملزم گرفتار

لاہور (خبر نگار سے )ہڈیارہ کے علاقے میں ایک اور بچے کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا جبکہ ستوکتلہ میں اوکاڑہ سے آئی لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ہڈیارہ کے سرحدی گاؤں نروڑ میں 12سالہ بچے ثاقب کو نامعلوم افراد نے جانوروں کی حویلی میں پہلے زیادتی کا نشانہ بنایا اور اسکے بعد ثاقب کو قتل کر کے اسکی قمیض اتار کر لاش کو حویلی کے کمرے میں پنکھے کے کنڈے کیساتھ لٹکا دیا ۔ ملزمان معصوم بچے کی لاش کو لٹکانے کے بعد فرار ہو گئے ۔ پولیس اور فرانزک ٹیمیں اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے لاش کو مردہ خانے منتقل کیا ۔بچے کے والد محمد آصف کا کہنا ہے کہ میں درزی کا کام کرتا ہوں ساتھ میں نے یہ جانوروں کی حویلی بھی بنائی ہے ساڑھے بارہ بجے تک میرا بیٹا میرے ساتھ موجود تھا۔ میں نے حویلی میں پہنچ کر دیکھا تو پنکھے کیساتھ میرے معصوم بیٹے کی لا ش لٹک رہی تھی ۔ میرے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے ۔ مجھے وزیر اعلیٰ پنجاب انصاف دلائیں ۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ، ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار اور ایس پی کینٹ صاعد عزیز نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ۔ستوکتلہ کے علاقے میں 3اوباشوں نے اوکاڑہ سے آئی لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا ۔ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق ملزم شرافت کی اوکاڑہ کی رہائشی لڑکی سے موبائل پر دوستی تھی ۔گزشتہ روز لڑکی اپنی خالہ کوملنے لاہور آئی تو ملزم شرافت کیساتھ فون پر رابطہ کیا اور ملنے کا کہا ،ملزم خاتون کو ہوٹل میں لے گیا جہاں اس نے لڑکی کو جوس پلایا جس سے وہ بیہوش ہوگئی، اس دوران ملزم اور اس کے 2 دوستوں نے لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا، ستوکتلہ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے مرکزی ملزم شرافت کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں