لاہورہائیکورٹ : ایف بی آر کے سیلز ٹیکس کے آڈٹ کا طریقہ کار غیرقانونی قرار

لاہورہائیکورٹ : ایف بی آر کے سیلز ٹیکس کے آڈٹ کا طریقہ کار غیرقانونی قرار

حکومت کو لاہور صاف کرنیکا حکم ، ریور راوی پراجیکٹ بادی النظر میں اچھا،20ستمبر سے روزانہ سماعت :ریمارکس ، سانحہ ماڈل ٹائون کی نئی جے آئی ٹی کے خلاف درخواست پرسماعت آج تک ملتوی، اعظم نذیر تارڑکے دلائل جاری

لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہورہائیکورٹ نے ایف بی آر کے سیلز ٹیکس کے آڈٹ کا طریقہ کار غیرقانونی قراردے دیا جبکہ پنجاب حکومت کو لاہور شہر مکمل صاف کرنے کا حکم دیا ہے ،ریور راوی اربن پراجیکٹ کیس کی روزانہ کی بنیادپر سماعت ہوگی ،سانحہ ماڈل ٹائون کی نئی جے آئی ٹی کیخلاف درخواست پرسماعت آج تک ملتوی کر دی گئی،وکیل اعظم نذیر تارڑ کے دلائل جاری ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی کی سربراہی میں سات رکنی لارجر بینچ نے سانحہ ماڈل ٹائون کی دوسری جے آئی ٹی کیخلاف درخواستوں پر سماعت کی، انسپکٹر رضوان قادر نے دوسری جے آئی ٹی کو چیلنج کر رکھا ہے ، درخواستگزار کے وکیل اعظم نذیرتارڑ نے کیس کی تفصیلات سے آگاہ کیا، عدالت کے استفسار پر انہوں نے کہا متاثرین جے آئی ٹی میں پیش نہیں ہوئے ،سپریم کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹائون کی متاثرہ بسمہ امجد کی درخواست پر کیس کی روزانہ کی بنیاد سماعت کرنے کا حکم دیاتھا،بسمہ امجد کی درخواست میں نئی جے آئی ٹی بنانے کا ذکر موجود نہیں تھا،جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے کہا کہ سپریم کورٹ ویسے بھی تو نئی جے آئی ٹی بنانے کا حکم دے سکتی ہے ،لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت آج تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل اعظم نذیر تارڑ کو دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔دریں اثنا لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے ایف بی آر کے سیلز ٹیکس کے آڈٹ کرنے کے طریقہ کار کیخلاف دائر درخواستوں پر محفوظ فیصلہ جاری کرتے ہوئے ایف بی آر کے سیلز ٹیکس کے آڈٹ کے موجودہ طریقہ کار کوغیرقانونی قرار دے دیا اور سیلز ٹیکس کے طریقہ کار کے خلاف 60 سے زائد درخواستیں منظور کرلیں۔علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پنجاب حکومت کو لاہور شہر کو مکمل صاف ستھرا کرنے کا حکم دیدیا اور لاہور شہر سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کیلئے موثر اقدامات کے احکامات جاری کردئیے ،درخواست گزار شیراز ذکا ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیاتھا کہ لاہور شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہیں شہر میں تعفن پھیل رہا ہے لیکن انتظامیہ کوئی اقدامات نہیں کررہی،جسٹس شاہد کریم نے ریور راوی اربن پراجیکٹ کیس میں توہین عدالت کی درخواست پر فریقین کوجواب داخل کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 20 ستمبر تک ملتوی کر دی،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آئندہ روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کی جائے گی۔عدالت نے واضح کیا کہ آئندہ سماعت پر اس پراجیکٹ پر ماحولیاتی آلودگی کے اثرات کے بارے میں جائزہ لیں گے ، بادی النظر میں یہ منصوبہ ہم سب کیلئے اچھا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں