سٹاک مارکیٹ میں ایک کھرب خسارہ، ڈالر بلند ترین سطح پر، سونا مہنگا

سٹاک مارکیٹ میں ایک کھرب خسارہ، ڈالر بلند ترین سطح پر، سونا مہنگا

کے ایس ای انڈیکس 379پوائنٹس کمی سے 47ہزارکی نفسیاتی حدسے گرکر46891پر بند ،حصص کی قیمتیں گھٹ گئیں ، انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر169روپے سے بڑھ گئی، سونامزید400روپے فی تولہ مہنگا ہو گیا

کراچی ( بزنس رپورٹر ،سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز) کراچی سٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان رہا ،نئی سرمایہ کاری متاثر ہوئی جس سے 1 کھرب خسارہ ہوا جبکہ انٹر بینک میں ڈالر تمام پچھلے ریکارڈ توڑتے ہوئے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔سٹاک ایکسچینج ایک روز کی تیزی کے بعد منگل کو مندی کی لپیٹ میں آ گئی،کے ایس ای100انڈیکس 379پوائنٹس کی کمی سے 47ہزارکی نفسیاتی حدسے گرکر46891پر بند ہوا، اس دوران سرمایہ کاروں کو ایک کھرب سے زائد کا خسارہ ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 82کھرب روپے سے کم ہوکر 81کھرب روپے کی کم ترین سطح پر آگیا جب کہ 78.25فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔ منگل کوسٹاک مارکیٹ ٹریڈنگ کے دوران دباؤ کا شکار رہی جس کی وجہ سے نہ صرف نئی سرمایہ کاری کا سلسلہ رک گیا بلکہ منافع کی خاطر فروخت کارجحان بھی بڑھ گیا اور یہی وجہ مارکیٹ کی تنزلی کا سبب بتائی جاتی ہے ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای30انڈیکس 194.11پوائنٹس کی کمی سے 18602.86پوائنٹس جبکہ آل شیئرز انڈیکس32503.33 سے کم ہو کر32151.56پوائنٹس پر بند ہوا ،مجموعی سرمایہ گھٹ کر81کھرب75ارب روپے رہ گیا، منگل کو 15ارب روپے مالیت کے 47کروڑ97لاکھ936ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔ادھر انٹر بینک میں ڈالر تمام پچھلے ریکارڈ توڑتے ہوئے ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ عالمی منڈی میں ایل این جی سمیت توانائی سے متعلق مصنوعات اور دیگر خام مال کی قیمتیں انتہائی بلند سطح پر ہیں اور پاکستا ن کیلئے در آمدی بل سنگین مسئلہ بنتا جارہا ہے ۔ پاکستان کو اس وقت ایل این جی بلند نرخوں پر مل رہی ہے ۔ بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث فرنس آئل بھی بڑے پیمانے پر درآمد کرنا پڑ رہا ہے ۔ انٹر بینک اور مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں گراوٹ کا رجحان برقرار رہا جس کے نتیجے میں ڈالر کی قدر 170 روپے کے قریب پہنچ گئی جو ریکارڈ ہے ۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں 75 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں ڈالر کی قیمت خرید 168.15 روپے سے بڑھ کر 168.9 روپے ہوگئی جبکہ قیمت فروخت 168.25 روپے سے بڑھ کر 169 روپے پر جا پہنچی۔ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں 80 پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 168.4 روپے سے بڑھ کر 169.2 روپے اور قیمت فروخت 168.8 سے بڑھ کر 169.6 روپے ہوگئی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں20 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں یورو کی قیمت خرید 197.8 روپے سے بڑھ کر 199 روپے اور قیمت فروخت 199.8 روپے سے بڑھ کر 200 روپے پر جاپہنچی۔ ایک روپے کے نمایاں اضافے سے برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید 232 روپے سے بڑھ کر 233.5 روپے اور قیمت فروخت 234 روپے سے بڑھ کر 235 روپے ہوگئی۔ پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے متاثر ہونے سے بھی ملک میں ڈالر کی آمد گھٹ گئی ۔عالمی بلین مارکیٹ میں سونادوڈالر کے اضافے سے 1787ڈالر فی اونس کا ہوگیا ،بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باوجودمقامی سطح پرفی تولہ سونا400روپے کے اضافے سے ایک لاکھ12ہزار700اوردس گرام342روپے کے اضافے سے 96ہزار622روپے کا ہوگیا جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت1430روپے پر مستحکم رہی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں