وفاقی کابینہ : اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 10فیصد ایڈہاک الاؤنس کی سمری مسترد

وفاقی کابینہ : اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں 10فیصد ایڈہاک الاؤنس کی سمری مسترد

آئندہ سال فائیو جی ٹیکنالوجی شروع کر دی جائیگی،بڑی گاڑیوں پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی ختم ہونے سے قیمتوں میں کمی آئیگی ، ایف بی آرکازیادہ تر ڈیٹا محفوظ رہا، کرغزستان کی ہوائی کمپنی ایویا کو پروازوں کی اجازت دے دی :فواد کی بریفنگ

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کی کفایت شعاری مہم کے تحت چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سمیت تمام اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں 10 فیصد ایڈہاک الاؤنس کی سمری مسترد کر دی ، ملک میں آئندہ سال فائیو جی ٹیکنالوجی شروع کر دی جائے گی، وزیراعظم کا عزم ہے کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں مواصلات کا نظام رائج کیا جائے ، بڑی گاڑیوں پر ایڈیشنل کسٹم ڈیوٹی ختم ہونے سے گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹنگ کا اختیار دینے کے حوالے سے پیشرفت اور معاملات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے سپیکٹرم کی فروخت کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ موجودہ سپیکٹرم کی نیلامی میں ایک ٹیلی کام کمپنی نے حصہ لیا۔کابینہ کو بتایا گیا کہ اگلے سال ملک میں فائیو جی لانچ کر دی جائے گی جس میں متعدد کمپنیاں دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں۔ کابینہ نے پی ٹی اے کو ہدایت کی کہ ملک میں معیاری ٹیلی کام سروسز کو یقینی بنایا جائے تاکہ ٹیلی کام سیکٹر میں انقلاب کے ثمرات ملک کے ہر کونے میں عوام کو میسر آ سکیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ کو فوجداری قوانین میں اصلاحات (کریمنل لاریفارمز) پیش کی جانے والی تجاویز اور سفارشات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ مختلف قوانین میں مختلف ترامیم متعارف کرائی جا رہی ہیں، ان اصلاحات میں قوانین کو آسان بنانے اور آٹومیشن پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ انصاف کی جلد از جلد فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ ان تبدیلیوں کے نتیجے میں پاکستان کا کریمنل جسٹس سسٹم تبدیل ہو کر رہ جائے گا، وزیر قانون فروغ نسیم نے مختلف قوانین میں ترامیم کے حوالے سے کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔ کابینہ نے ترامیم کے حوالے سے پیش کی جانے والی تجاویز کی اصولی طور پر منظوری دیتے ہوئے ان تجاویز کو کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کو بھجوانے کی ہدایت کی، اب یہ معاملہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی میں زیر بحث آئے گا اور اس کے بعد ان کریمنل ریفارمز کو نافذ کر دیا جائے گا۔ فواد چودھری نے کہا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ 14اگست 2021کو ایف بی آر کے ڈیٹا سنٹر پر سائبر حملے کے پیش نظر ایف بی آر حکام کی جانب سے پبلک پروکیورمنٹ رولز 2004کے تحت آپریشنل ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا تاکہ ڈیٹا سنٹر کی حفاظت کے لئے تمام تر ضروری اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کئے جا سکیں اور ڈیٹا سنٹر کی سکیو رٹی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ کابینہ نے ان اقدامات کی توثیق کی۔ اس حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 14 اگست 2021کو ایف بی آر کی ویب سائٹ کو ہیک کرنے کی کوشش کی گئی، اس کی انکوائری مکمل ہو گئی اور یہ بات سامنے آئی کہ ایف بی آر کا ڈیٹا محفوظ رہا، ہیکرز اس تک رسائی حاصل نہیں کر سکے ۔ ایف بی آر نے ڈیٹا کو محفوظ بنانے کے لئے مختلف اقدامات اٹھائے ، ایک پروفیشنل کمپنی کو ہائر کیا جو ڈیٹا پروٹیکشن کو یقینی بنا رہی ہے ، اس کے لئے رولز میں ریلیکس کیا گیا ہے تاکہ وہ جلدی ہائرنگ کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کابینہ کو بتایا کہ اس سال پاکستانی ویب سائٹس پر تقریبا 10لاکھ سائبر حملے ہو چکے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہزار سی سی گاڑیوں کے سامان کی درآمد پر ایڈیشنل ڈیوٹی ختم کی گئی ہے ، ہزار سی سی سے نیچے کی گاڑیوں کی قیمتیں بھی کم ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے قائداعظم فاؤنڈیشن ایکٹ2021 کے مجوزہ مسودے کی اصولی منظوری دی ہے ، بیورو آف امیگریشن اینڈ اووسیز ایمپلائمنٹ کے پروٹیکٹر آف ایمیگرنٹس کی تقرری و تبادلوں کی منظوری دی گئی۔ چودھری فواد حسین نے بتایا کہ کابینہ نے کورونا کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ درآمدکنندگان کی جانب سے درآمد شدہ اشیا جو وئیر ہاؤس میں موجود ہیں اور جنہیں بروقت کلیئر نہیں کرایا گیا، ان پر قانون کے مطابق عائد ہونے والے ایک فیصد جرمانے ،سرچارج میں 30 ستمبر تک رعایت دی جائے گی بشرطیکہ ان کو 30 ستمبر2021تک کلیئر کرا لیا جائے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کابینہ نے دیامر بھاشا ڈویلپمنٹ کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تنظیم نو کی منظوری دی۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز میں وزیراعظم آفس کے نمائندے کی جگہ وزارت منصوبہ بندی کے نمائندے کو شامل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 10 اگست2021کے اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز کے حوالے سے لئے گئے فیصلے میں ترمیم کی اجازت دی گئی۔ کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے 12 اگست 2021 اور 2 ستمبر2021کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں ،اسی طرح اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 9 ستمبر2021کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے اس بات پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے کہ گندم کی خریداری میں تاخیر کیوں ہوئی،صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر گندم کی ریلیز کے لئے اقدامات کریں۔ ہمیں امید ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے گندم کی ریلیز کا شیڈول ایک دو روز میں جاری کر دیا جائے گا جس کے بعد گندم اور آٹے کی قیمت میں بتدریج کمی آئے گی۔ کابینہ نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان پروازوں کے لئے پی آئی اے اور کرغزستان کی ہوائی کمپنی ایویا کو پروازوں کی اجازت دی۔ کابینہ نے پی ایس او اور پاک ایل این جی کی جانب سے ایل این جی کی خریداری پر پیپرا قوانین کے قواعد کے مطابق ٹائم لائنز میں کمی کرنے کی تجویز کی بھی منظوری دی۔فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن جہاں بھی الیکشن ہارتی ہے توکہتی ہے دھاندلی ہوئی ، ن لیگ کے رہنما الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے متعلق قانونی ترمیم متنازعہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں