بزدار کا سیالکوٹ ، سمبڑیال کا دورہ ، عوامی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر سمیت 15 افسر معطل

بزدار کا سیالکوٹ ، سمبڑیال کا دورہ ، عوامی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر سمیت 15 افسر معطل

ایم ایس تحصیل ہسپتال ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ سمبڑیال،چیف آفیسر کارپوریشن ،ایکسائز آفیسر سیالکوٹ کو ہٹا دیا ، سپرنٹنڈ نٹ جیل اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ویمن بھی معطل ، خواتین بیرک کے واش روم میں پانی نہ آنے پر اظہار برہمی ، ہیلتھ آفیسر ،ایکسین آبپاشی ، ڈی ایس پی ڈسکہ اور ڈی ایس پی ٹریفک سیالکوٹ بھی فارغ ، ہر تحصیل میں جاؤنگا : وزیر اعلیٰ

سیالکوٹ ،سمبڑیال ،ڈسکہ ،لاہور(نمائندہ دنیا،ڈسٹرکٹ رپورٹر،سٹی رپورٹر،سیاسی رپورٹر سے ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سمبڑیال اور سیالکوٹ کا ساڑھے تین گھنٹے کا طویل و زٹ کر کے پبلک سروسز فراہم کرنے والے مختلف اداروں اور محکموں کا دورہ کیااور فرائض سے غفلت برتنے ، عوامی شکایات اور خراب کارکردگی پر اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال سمیت 15 افسروں کو عہدوں سے ہٹا دیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال سمبڑیال،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ سمبڑیال،چیف آفیسر تحصیل کارپوریشن سیالکوٹ،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر سیالکوٹ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سیالکوٹ ڈاکٹرافضل بھلی کو معطل کر دیا -ایکسین آبپاشی مرالہ سب ڈویژن، ڈی ایس پی ڈسکہ اور ڈی ایس پی ٹریفک سیالکوٹ کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا جبکہ سپرنٹنڈ نٹ ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ویمن ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ،چیف آفیسر سمبڑیال، چیف آفیسرپسرور، چیف آفیسر ڈسکہ اور سب رجسٹرار رورل سیالکوٹ کو بھی معطل کر د یا ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے سمبڑیال اور سیالکوٹ میں شہری سہولتو ں کی بہتری کیلئے فوری اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے سمبڑیال روڈ کی تعمیر و مرمت اور12کلو میٹر طویل سب لائن سیالکوٹ سے سمبڑیال تک سٹرک کی ری کارپٹنگ کی منظوری دے دی-وزیراعلیٰ بزدارنے تحصیل ہیڈکوارٹزر ہسپتال سمبڑیال میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر بنانے ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کو لینڈ ایکوزیشن کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی-وزیر اعلی ٰنے کہا کہ ڈسکہ سمبڑیال روڈ کی تعمیر ومرمت کیلئے فوری بقایا فنڈز مہیا کئے جائیں گے ۔ شہاب پورہ پل کی تعمیر جلد سے جلد مکمل کی جائے ۔پل کی تعمیر کیلئے 20 کروڑ روپے کے فنڈ کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے ایم ڈی نیسپاک کو پیسک کے منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار لاہور سے اچانک سمبڑیال پہنچ گئے اور تحصیل ہیڈکوارٹر زہسپتال کا دورہ کیا۔ ہسپتال میں موجود ایک مریض کی خواتین تیمارداروں نے لڑائی جھگڑے کے کیس میں دادرسی کی درخواست کی۔ وزیراعلیٰ نے خواتین کو دادرسی اور میرٹ کی یقین دہانی کرائی اور فوری طور پر ڈی پی او سیالکوٹ کو طلب کرکے میرٹ کے مطابق خواتین کی دادرسی کا حکم دیا۔بعد ازاں وہ تحصیل کمپلیکس سمبڑیال پہنچے اور اراضی ریکارڈ سینٹر کا دورہ کرکے ا راضی ریکارڈ کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا، موجودلوگوں سے گفتگو کی اور اراضی ریکارڈ سینٹر سے متعلق شکایات اور تجاویز سنیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں عوام کی سہولت کیلئے 850 دیہی مراکز مال سروسز فراہم کر رہے ہیں۔پنجاب میں 8 ہزار سے زائد اراضی ریکارڈ سینٹر قائم کریں گے ۔ انہوں نے سمبڑیال میں ماڈل پولیس سٹیشن کا بھی دورہ کرکے ماڈل پولیس سٹیشن کے فرنٹ ڈیسک کا معائنہ کیا اور ویمن ہیلپ کاؤنٹر کا بھی جائزہ لیا۔ عثمان بزدار نے پولیس سٹیشن کی حوالات کا بھی معائنہ کیا اور حوالاتیوں سے مسائل دریافت کئے ۔ ماڈل پولیس سٹیشن کی حوالات میں پنکھے نہ چلنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ تھانے میں بند حوالاتی بھی انسان ہیں، پنکھے فوراً مرمت کرائے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ میں خواتین قیدیوں کے معاملات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے جیل سپرنٹنڈنٹ اور اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ ویمن کی سرزنش کی -وزیراعلیٰ ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کے معاملات میں بدانتظامی پر سخت برہم ہوئے - انہو ں نے جیل میں قیدیوں کیلئے سہولتیں بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔سیالکوٹ شہر میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن کا حکم دیا اور کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں لینڈ ریکارڈ سینٹر ز سے مافیا کا قلع قمع کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کو تجاوزات اور مافیا کے خاتمے کیلئے بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دیا اورایکسائز اینڈٹیکسیشن آفس میں پراپرٹی ٹیکس کے معاملات میں شفافیت لانے کا حکم دیا-پراپرٹی ٹیکس کے معاملات کی انکوائری کیلئے سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو انکوائری افسر مقرر کر دیا، انہوں نے ایئرپورٹ سے سمبڑیال چوک تک سڑک کی تعمیر کی منظوری دے دی-بزدار نے ڈپٹی کمشنر آفس میں آنے والے لوگو ں کے پاس جا کر فرداً فرداً ان کے مسائل پوچھے اور موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایات دیں ۔عثمان بزدار نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کو شاباش دی اورشہر میں جاری ترقیاتی کامو ں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔بعد ازاں وہ ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ پہنچ گئے ۔ جیل حکام وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دورے سے لا علم رہے ۔ وزیراعلیٰ کے جیل کے گیٹ پر پہنچنے پر حکام کی دوڑیں لگ گئیں۔ آمد پر مرکزی دروازے کی چابی لائی گئی اور دروازہ کھولا گیا۔بزدار نے جیل ہسپتال میں مریض قیدیوں کی عیادت کی اور قیدی مریضوں سے طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ نے جیل ہسپتال میں طبی عملے کی کمی پوری کرنے کا حکم دیا اور قیدی مریضوں کا سپیشلسٹ ڈاکٹر سے چیک اپ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیچیدہ امراض میں مبتلا قیدیوں کو مطلوبہ طبی سہولت فراہم کی جائے ۔بزدار نے جیل کی مختلف بیرکوں میں بند قیدیوں کے مسائل دریافت کئے اور کہا کہ کوئی پریشان کرتا ہے تو مجھے بتائیں، عثمان بزدار نے خواتین بیرک کے واش روم میں پانی نہ آنے پر اظہار برہمی کیا اور سپرنٹنڈنٹ جیل کو واش روم کی صفائی اور پانی کی سپلائی بحال کرنے کا حکم دیا۔ خواتین قیدیوں کے بچوں کو دودھ، سویٹ اور بسکٹ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ۔بزدار نے کہا کہ جیلوں کے وزٹ کرکے قیدیوں کے مسائل کا جائزہ لیتا رہوں گا۔ قیدیوں کے ساتھ ناانصافی اور بدسلوکی کرنے کی اجازت نہیں دوں گا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ کی رجسٹریشن برانچ ، ایکسائز اینڈٹیکسیشن آفس، سہولت مرکزکا بھی دورہ کیا -وزیر اعلی ٰنے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی دفاتر کے دورے کر کے حالات کا جائزہ لیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے اچانک دورے دوبارہ شروع کر دیئے ہیں، ہر ضلع اور تحصیل میں جاؤں گا۔ عوام کے مسائل سن کر موقع پر احکامات جاری کئے جائیں گے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں