پاکستان ،روس ، چین کے وزرائے خارجہ کی ملاقات

پاکستان ،روس ، چین کے وزرائے خارجہ کی ملاقات

افغان شہریوں کو تنہا نہ چھوڑا جائے ،دنیا امداد کیلئے آگے بڑھے : شاہ محمود

اسلام آباد (وقائع نگار)دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم اوراجتماعی سلامتی سمجھو تا تنظیم کے سربراہی اجلاسوں کے انعقاد کے موقع پر روس، چین اور پاکستان کے وزرائے خارجہ اور ایران کے نائب وزیر کی دوشنبے میں اجتماعی ملاقات ہوئی،دوران ملاقات افغانستان کی ابھرتی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے خصوصی تبادلہ خیال ہوا ،شرکا نے افغانستان اورمجموعی طور پر خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا،وزرا نے افغانستان میں قومی مفاہمت اور اجتماعیت کی حامل ایسی حکومت کی ضرورت پر زور دیا جو ملک کی تمام نسلی وسیاسی قوتوں کے مفادات کو مدنظر رکھے ۔ دوران ملاقات افغانستان کی موجودہ صورتحال اور لاحق خطرات، خاص طورپر دہشت گردی کے پھیلائو اور منشیات کی ترسیل سے نمٹنے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ قبل ازیں شاہ محمود کی روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات ہوئی،جس میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ کیا گیا،شاہ محمود نے کہا روس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہیں،پاکستان، روس کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع ، عوام کی سطح پر روابط سمیت اہم علاقائی و عالمی فورمز پر تعلقات کے استحکام کیلئے پر عزم ہے ،دونوں وزرائے خارجہ نے اہم علاقائی و عالمی امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں