توشہ خانہ ریفرنس،زرداری نے بریت درخواست دائرکردی

توشہ خانہ ریفرنس،زرداری نے  بریت درخواست دائرکردی

احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت روکنے کی استدعا مسترد کرکے سابق صدرآصف زرداری کی بریت درخواست پرنوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )عدالت نے عدم حاضری پر نیب گواہ جنید شیخ کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ،دوران سماعت آصف زرداری کی طرف سے بریت کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیاگیا کہ عدالت میں اب تک پیش ہونے و الے نیب گواہان نے مجھ پر کوئی الزام نہیں لگایا، 43میں سے 21 گواہان کو عدالت پیش کیا جا چکا ہے ، نیب نے ریفرنس کے ذریعے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا، استدعا ہے کہ عدالت توشہ خانہ ریفرنس میں بری کرنے کا حکم دے ، یہ بھی استدعا ہے کہ بریت درخواست پر فیصلہ تک ریفرنس میں کارروائی روکی جائے ،عدالت نے سماعت روکنے اور شہادتیں قلمبند نہ کرنے سے متعلق استدعا مسترد کرتے ہوئے بریت درخواست پر جواب کیلئے نوٹس جاری کردیئے اورسماعت30 ستمبر تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت کے جج سید اصغر علی نے سابق سفیر اے ایس بابر وغیرہ کے خلاف خوردبرد ریفرنس میں بریت درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا اورسماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کردی،مزیدبرآں سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق وغیرہ کے خلاف ریفرنس کی سماعت22 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں