لیسکو نے بلوں کی اقساط پر مکمل پابندی عائد کردی
دو ماہ سے زائدبقایا جات والے کنکشن 30 ستمبر تک منقطع کرنیکا حکم
لاہور(دنیا مانیٹرنگ)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے ریکوری بڑھانے کے لیے بلوں کی اقساط پر مکمل پابندی عائدکردی۔ لیسکو نے گھریلو ،کمرشل اور تجارتی صارفین کے لیے بلوں کی اقساط پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے 30 ستمبر تک بقایا جات والے تمام کنکشنز منقطع کرنے کا حکم دیا ہے ۔ لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ لیسکو میں بجلی کے بلوں کی ریکوری اس وقت 94 فیصد ہے جو کم ترین سطح پر ہے ، اسے ہر صورت 100 فیصد تک لایا جائے گا۔ حکام نے کہا کہ جن کے بقایا جات 2 ماہ سے زائد کے ہیں، انہیں اقساط کی سہولت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، انکا کہنا تھا کہ 4 ماہ پہلے بھی اس حوالے سے پابندی عائد کی گئی تھی مگر اس پر عمل نہیں ہوسکا تھا۔