کورونا : مزید 66 جاں بحق ، پنجاب پبلک سروس کمیشن کو امتحان لینے کی اجازت
لاہور 14 سمیت پنجاب میں 28 اموات ،ملک میں 3012نئے کیسز،ملتان میں76فیصدوینٹی لیٹرزبھرگئے ، تعلیمی ادارے کھل گئے ، ریلوے بکنگ سنٹرزپرویکسی نیشن کائونٹرزقائم، لاری اڈا بادامی باغ میں ایس او پیز نظر انداز
اسلام آباد،لاہور (خصوصی نیوزرپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹرسے ،ایجوکیشن رپورٹر،اپنے کامرس رپورٹرسے ،اکنامک رپورٹر)ملک میں وبائی مرض کورونا کے باعث مزید 66افرادجاں بحق ہوگئے ،لاہور 14 سمیت پنجاب میں 28 اموات رپورٹ ہوئیں ،ملک میں 3012نئے کیسزسامنے آئے ہیں،ملتان میں76فیصدوینٹی لیٹرزبھرگئے ۔پنجاب پبلک سروس کمیشن کو امتحان لینے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔ٹرین سفرکیلئے پہلی ڈوزکی شرط پرعمل درآمدشروع ہوگیا،ریلوے بکنگ سنٹرزپرویکسی نیشن کائونٹرزقائم کردئیے گئے ہیں، تعلیمی ادارے بھی کھل گئے ۔لاری اڈا بادامی باغ میں ایس او پیز نظر انداز کردئیے گئے ۔تفصیل کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 66 اموات ہوئیں جن میں سے 19 وینٹی لیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق ملک میں 3 ہزار 12 افراد کے کوویڈ۔ 19 ٹیسٹ مثبت آئے ۔ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹی لیٹرز پر مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے بہاولپور میں 69 فیصد،لاہور میں 49 فیصد،ملتان میں 76 فیصد اور سرگودھا میں 55 فیصد مریض ہیں۔ گزشتہ روز لاہور میں کورونا سے 14 جبکہ صوبہ بھر میں 28 اموات رپورٹ ہوئیں۔ سیکرٹری عمران سکندر بلوچ نے کہا کہ پنجاب میں1295نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔ لاہور میں 676 ، راولپنڈی 95 ،ملتان 68 ،گوجرانوالہ 25 ،سرگودھا میں 13 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ مجموعی مثبت شرح 7.0 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں مثبت شرح 11 فیصد،راولپنڈی 7 ،فیصل آباد 11 ،ملتان 7 اور گوجرانوالہ میں 5 فیصد ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب کورونا صورتحال میں بہتری کے باعث پنجاب پبلک سروس کمیشن کو ٹیسٹ منعقد کرنے کی اجازت مل گئی ۔ مختلف پوسٹوں کے لیے ٹیسٹوں کا آغاز کل 18 ستمبر سے ہوگا ۔ حکام کے مطابق صرف ویکسی نیشن کر انے والوں کو ٹیسٹ میں شرکت کی اجازت ہوگی ۔ امیدواروں کے انٹرویوز بھی شروع کررہے ہیں۔علاوہ ازیں پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں۔ پچاس فیصد حاضری کی پالیسی کے باوجود حاضری کم رہی ۔ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی بھی ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب بغیر ویکسین کے ٹرین میں سفر کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ، ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ٹکٹوں کی بکنگ ویکسین کی پہلی ڈوز سے مشروط کردی گئی ہے ، ویکسین کر انے کے لیے ریزرویشن سنٹرز میں کائونٹر قائم کردیا گیا ہے ۔شناختی کارڈ کے ذریعے نادراویب سائٹ سے ویکسین کی تصدیق کے بعد ٹکٹ جاری کیا جارہا ہے ۔دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافے کیلئے اجلاس بلا لیا۔چیئرمین پنجاب ٹرانسپورٹ الائنس عصمت اللہ نیازی نے کہاہے کہ50فیصدسواریوں اور پرانے کرایوں پر اخراجات بھی پورے نہیں ہوتے ۔ علاوہ ازیں لاری اڈا بادامی باغ میں کورونا ایس او پیز پر عمل در آمد شروع نہ ہو سکا۔ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ اور پچاس فیصدسواریوں کو نظر انداز کر دیا گیا۔