مہنگائی ، بے روز گاری پر جلد قابو پا لیا جائے گا،اسد عمر

مہنگائی ، بے روز گاری پر جلد قابو پا لیا جائے گا،اسد عمر

تیل کے کنویں نہیں نکلے ،قیمتیں ریجن میں سب سے کم ، فواد چودھری

اسلام باد(نیوز ایجنسیاں )وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ جلد ہی مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پا لیا جائے گا ۔اس امر کا اظہار انھوں نے جھنگی سیداں میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کر تے ہوئے کیا ۔اسد عمر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی زندگی کا مقصد صرف اور صرف عوام کی بھلائی ہے ۔ اپنے انتخابی وعدے کے مطابق سکیل 15 تک کی نوکریوں کا کوٹہ اسلام باد کیلئے مخصوص کروا دیا ہے ۔ پانی کے چھوٹے اور بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ جس سے جلد ہی شہر میں پانی کی کمی دور ہو گی۔ ترنول اور سیکٹر جی 11 میں 200 بیڈز کے دو ہسپتالوں کی تعمیر جلد شروع ہو گی۔ اس کے علاوہ سیکشن 4 کا ظالمانہ قانون بھی جلد ہی ختم ہو گا۔ اسد عمر نے کہا کہ مجھے دو بار اس حلقے کی عوام نے منتخب کر کے اسمبلی میں بھیجا ہے جتنی بھی آ پ کی خدمت کروں آپ کا حق ادا نہیں ہو سکتا ہے ۔ اسد عمر نے کہا کہ جلد عمران خان کی دوررس پالیسیوں سے مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پا لیا جائے گا۔ عوام کو سہولیات دی جائیں گی۔دوسری طرف وزیراطلاعات فوادچودھری نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ ملک میں تیل کے کنویں نہیں نکلے ۔قیمتیں ریجن میں سب سے کم ہیں،قوت خریدہندوستان سے بہترہے ،لوگوں کی آمدن میں اضافہ ہواہے ۔پاکستان میں تیل کی قیمتیں اب بھی ریجن میں سب سے کم ہیں، یا تو تین سالوں میں تیل کے کنوئیں نکل آتے ، ظاہر ہے جب تیل باہر سے خریدنا ہے ،عالمی مارکیٹ میں قیمت بڑھے گی تویہاں بھی قیمتیں بڑھیں گی۔ یہی اصول باقی درآمدات کیلئے ہے ۔ اصل کامیابی یہ ہے کہ75 فیصد آبادی کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے ۔پاکستان کی قوت خرید ہندوستان سے بہتر ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں