برطانیہ نے پاکستان کو سفری پابندیوں کی ’’ریڈ لسٹ‘‘ سے نکال دیا

برطانیہ نے پاکستان کو سفری پابندیوں کی ’’ریڈ لسٹ‘‘ سے نکال دیا

مجھے علم ہے پچھلے 5ماہ کتنے مشکل تھے ،تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے :برطانوی ہائی کمشنر ،بدھ سے اطلاق ‘ 15 لاکھ پاکستانی برطانوی شہریوں کیلئے خوش آئند بات ہے :گورنرسرور، بڑی خوشخبری ہے :معاون خصوصی فیصل سلطان

اسلام آباد،لاہور(وقائع نگار،خصوصی نیوز رپورٹر،دنیانیوز)برطانیہ نے پاکستان کو سفری پابندیوں کی‘ریڈ لسٹ’سے نکال دیا۔برطانیہ کے پاکستان میں ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ مجھے تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا گیا ہے ۔ مجھے علم ہے کہ پچھلے 5ماہ کتنے مشکل تھے بہت سارے لوگوں کے لیے جو پاکستان اور برطانیہ کے درمیان قربت پر انحصار کرتے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ آپسی کوششوں کا نتیجہ ہے ۔ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ پاکستان، برطانیہ کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا تاکہ دونوں ممالک میں ڈیٹا شیئرنگ اور عوامی صحت کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے ۔واضح رہے سفری پابندیوں میں نرمی کا اطلاق بدھ 22 ستمبر کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے سے ہوگا۔ پاکستان سے جانے والے مسافروں کو اب ہوٹل میں قرنطینہ نہیں کرنا ہوگا۔دوسری جانب اپنے ٹویٹ میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے برطانوی حکومت کی جانب سے پاکستان کوریڈ لسٹ سے نکالنے پر اظہار مسرت کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ریڈ لسٹ سے نکلنا15 پاکستانی برطانوی شہریوں کے لیے خوش آئند بات ہے ۔برطانوی اراکین پارلیمنٹ ناز شاہ، یاسمین قریشی اور افضل خان کا کردار قابل ستائش ہے ۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی فیصل سلطان نے بھی اپنے ٹویٹ میں خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ‘سفر کے منتظر افراد کے لیے بڑی خوشخبری’ قرار دیا اور برطانوی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں