حکومت ایف بی آر کوخودمختاری دینے کیلئے پر عزم : وزیر خزانہ

حکومت ایف بی آر کوخودمختاری دینے کیلئے پر عزم : وزیر خزانہ

خودکار ٹیکس نظام کی بدولت شفافیت آئے گی ،سینئر افسروں سے خطاب ، ترین کی زیر صدارت اجلاس،کامیاب پاکستان پروگرام کے ڈیزائن کی منظوری

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ موجودہ حکومت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو آپریشنل اور مالیاتی خودمختاری دینے کے لئے پر عزم ہے تاکہ سیاسی مداخلت کے امکان کو رد کیا جاسکے اور ادارے میں شفافیت ، میرٹ اور بہترین خدمات کے اصولوں کو پروان چڑھایا جا سکے ۔ انہوں نے یہ بات ایف بی آر ہیڈکوارٹر زکے دورہ کے دوران سینئر افسروں سے خطاب کے دوران کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آررواں مالی سال بھی 5829 ارب روپے کا ریونیو ہدف حاصل کرنے کے لئے پر عزم ہے اور اس کی روشن مثال رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ہدف سے 160 ارب روپے زائد ریونیو کاحصول ہے ۔وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ کی کوششیں جاری ہیں اور اس سلسلے میں ایف بی آر، نادرااور پرائیویٹ سیکٹر سے ماہرین پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو انتھک محنت سے کام کر رہی ہیں۔وزیر خزانہ نے ٹریک اینڈ ٹریس پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ اس پراجیکٹ کا آغاز نومبر سے کر دیا جائے گا ۔ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ خودکار ٹیکس نظام کی بدولت شفافیت آئے گی اور صوابدیدی اختیارات میں کمی آئے گی ۔علاوہ ازیں کامیاب پاکستان پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی اورمشاورتی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام معاشرے کے اقتصادی طورپرکمزورطبقات کی حالت زارمیں بہتری اورلوگوں کو مالی طورپربااختیاربنانے کے حوالے سے حکومت کا کلیدی پروگرام ہے ۔ ملکی تاریخ میں پہلی باربینکوں کو چھوٹے قرضے فراہم کرنے والے اداروں کے ذریعے معاشرے کے معاشی طورپرغریب اورکمزورطبقات کو مربوط کردیا گیاہے ۔ اجلاس میں تمام متعلقہ شراکت داروں کی مشاورت سے کامیاب پاکستان پروگرام کے ڈیزائن اور خدوخال کا جائزہ لیا گیا اوراس کی منظوری دی گئی، اجلاس میں تفصیلی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیاکہ ہول سیل لینڈرز (بینکس) کے انتخاب کیلئے نیلامی کا جامع طریقہ کاراختیارکیاجا ئے گا جو چھوٹے قرضے فراہم کرنے والے اداروں کے ساتھ مربوط ہوں گے ۔فنڈز کی تقسیم کے حوالہ سے ہول سیل لینڈرز (بینکس) کی کارگردگی کا سہ ماہی بنیادوں پرجائزہ لیا جائے گا ۔ حکومت بینکوں کورسک شیئرنگ کی بنیادپر50 فیصد کی گارنٹی دے گی۔ اس سے فنڈز کی تقسیم کے حوالہ سے شفافیت آئے گی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں