بی فوریوکمپنی فراڈ:التواکی استدعامسترد،اربوں کامعاملہ :سپریم کورٹ
اربوں روپے ان کمپنیوں میں آ گئے وضاحت کرنی ہو گی:جسٹس منصورعلی شاہ ، ملزم سیف الرحمان کی عبوری ضمانت میں توسیع،نیب سے رپورٹ طلب
اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)سپریم کورٹ نے بی فور یو کمپنی کے ذریعے پاکستانی شہریوں سے اربوں روپے کا فراڈ کرنے والے ملزم سیف الرحمان کی عبوری ضمانت میں 22ستمبر تک توسیع کردی،قائم مقام چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی،عدالت نے ملزم کے وکیل لطیف کھوسہ کی سماعت ملتوی کر نے کی استدعا مسترد کردی،جسٹس عمر عطابندیال کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کا معاملہ ہے اور ہمیں اس پر تشویش ہے ، جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ اربوں روپے ان کمپنیوں میں آ گئے ان کووضاحت تو کرنی ہو گی،دوران سماعت ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی بھی عدالتی حکم پر پیش ہوئے ، لطیف کھوسہ نے استدعاکی کہ میری سیاسی مصروفیات ہیں سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی جائے ،جسٹس عمر عطابندیال کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے بعد بینچ دستیا ب نہیں ہوگا،لطیف کھوسہ کی بار ، بار استدعا پر عدالت نے سماعت آئندہ بدھ تک ملتوی کردی۔ عدالت نے ملزم سیف الرحمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب سے ملزم کے خلاف ہونے والی تحقیقات کی پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔