نئی سیمنٹ فیکٹریوں پر پابندی ختم، 22 این او سی جاری ہونگے: بزدار

نئی سیمنٹ فیکٹریوں پر پابندی ختم، 22 این او سی جاری ہونگے: بزدار

کوئلہ کی کان کنی کی بھی اجازت،نئی فیکٹریوں سے معاشی ترقی ہوگی، لوگوں کو روز گار ملے گا :بیان ، کان کنوں کے بچوں کیلئے سکالر شپ میں اضافہ ،اخترمینگل سے ملاقات،اظہارتعزیت

لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں کان کنی کے وسائل کا بھرپور اور بہتر استعمال یقینی بنایا جائے گا۔کنسٹرکشن سیکٹر کے فروغ کیلئے سیمنٹ سیکٹر پر عائد پابندیاں ختم کردی گئی ہیں اور پنجاب میں نئی سیمنٹ فیکٹریوں کیلئے 22نئے این او سی جاری کئے جا رہے ہیں۔ نئی سیمنٹ فیکٹریاں قائم ہونے سے لاکھوں لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ پسماندہ علاقوں میں نئی سیمنٹ فیکٹریاں قائم ہونے سے معاشی ترقی ہوگی۔ اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ نمک اور کوئلے کی صنعت کے فروغ کیلئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ پنجاب منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے ایک ارب 64کروڑ روپے ریونیو وصول کیا گیا ۔ نمک کی صنعت کو فروغ دینے کیلئے 21راک سالٹ ایکسپلوریشن لائسنس جاری کئے گئے ۔ کوئلے کی 4اورنمک کی 8مائنز کے آغاز سے پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوا، کوئلہ کی کان کنی پر عائد پابندی بھی ختم کر دی گئی ،کوئلہ کے 20بلاکس کے نیلام عام میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ۔ بروقت معلومات فراہم کرنے کیلئے منرل کیڈسٹرل سسٹم لایا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی معاونت سے ای فائلنگ اورآفس آٹو میشن سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے ۔ مائنز اینڈ منرل ڈیپارٹمنٹ کے تحت45ان سروس تربیتی کو رسز شروع ہو چکے ہیں ،3000 ورکرز کی پروفیشنل ٹریننگ کرائی گئی ہے ۔مائن سیمپل ٹیسٹنگ لیبارٹری خوشاب کو بحال اور بہتر بنایا جا رہا ہے ۔پنجاب بھر میں کان کنوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ یقینی بنانے کیلئے قابل قدر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔کان کنی کے دوران ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے سرگودھا پل111پر ریسکیوسکواڈ قائم کر دیا ہے ۔کان کنوں کے بچوں کیلئے سکالر شپ کی مد میں 300فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ کان کنوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے بستی ڈاہر،مکڑ والا اورچواسیدن شاہ میں 3واٹر سپلائی سکیمیں اورآراو پلانٹ لگائے جا رہے ہیں۔ادھرعثمان بزدار نے برطانیہ کی طرف سے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ برطانیہ کی جانب سے پاکستانی شہریوں کیلئے سفری پابندیوں کا خاتمہ خوش آئند ہے ۔ برطانیہ کے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کراچی میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کے والد بزرگ سیاستدان سردار عطا اللہ مینگل کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے رحیم یار خان کے علاقے رکن پور میں میت نہر سے گزارنے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور کمشنر بہاولپور سے رکن پور نہر پر پل کی تعمیر کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں