افغان صورتحال،شاہ محمودکاکینیڈین ہم منصب سے رابطہ

افغان صورتحال،شاہ محمودکاکینیڈین ہم منصب سے رابطہ

پاکستانی کینیڈین کی ہلاکت کامعاملہ اٹھایا،ویزاایڈوائزری پرنظرثانی کامطالبہ

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان ناصرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینیڈین ہم منصب مارک گارنیو سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کیا۔دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شاہ محمود نے کینیڈین وزیر خارجہ کو افغانستان کی صورتحال پر حالیہ چار ملکی دورے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا ۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی معاشی و انسانی معاونت کیلئے آگے بڑھے ۔ وزیر خارجہ نے ہملٹن میں پاکستانی کینیڈین شہری کی ہلاکت اور اس کے 63 سالہ والد فقیر علی کے اغواکا معاملہ اٹھایا۔ کینیڈین وزیر خارجہ نے یقین دلایا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کیلئے کینیڈین حکومت معاملے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے ۔شاہ محمودنے کورونامیں کمی کے باعث ویزاایڈوائزری پر نظر ثانی کابھی مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ طاہر محمود اشرفی نے وزیر خارجہ شاہ محمود سے ملاقات کی جس میں افغانستان سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں عرب و دیگراسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے لئے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں