پی ٹی آئی دور میں ملک 30سال پیچھے چلاگیا:سراج الحق

پی ٹی آئی دور میں ملک 30سال پیچھے چلاگیا:سراج الحق

حکومتی جھوٹ روکنے کیلئے ایک اتھارٹی کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے ، ٹیم واپسی سے دکھ ہوا،انڈیا ، امریکا نیوزی لینڈ کو ایسا کرنے کا کہہ سکتے ہیں

لاہور(سپیشل رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے تین سالہ دور میں پاکستان تیس سال پیچھے چلا گیا، اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں سو سے تین سو فیصد اضافہ ہوا، اسلام آباد میں 17 اکتوبر کوملک بھر کے ہزاروں بیروزگار نوجوانوں کو اکٹھا کرکے وزیراعظم سے ایک کروڑ نوکریاں مانگیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی نے میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ قیام کو صحافت کے خلاف مارشل لاسے تعبیر کیا ۔ انہوں نے حکومت کی اس توجیہہ کو کہ میڈیا جھوٹ بولتا ہے ایک بھونڈا مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ جھوٹ حکومت بولتی ہے لہذا میڈیا پر اتھارٹی کے قیام کی بجائے حکومت کو جھوٹ سے روکنے کیلئے ایک اتھارٹی کا قیام وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے ۔ حکومت اسلامی تشخص کو بگاڑنے کی کوششوں سے باز رہے ۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی واپسی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ واقعہ سے پاکستانی قوم کو شدیددکھ ہوا، یہ قابل مذمت ہے اور ہماری نظر میں ایک سازش ہے ۔ انڈیا اور امریکا نیوزی لینڈ کو ایسا کرنے کا کہہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا افغانستان میں کیسی حکومت ہونی چاہیے اس فیصلے کا حق افغان عوام کو ہے ، دیگر ممالک مداخلت سے باز رہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں