الیکشن کمیشن کوخط،چیئرمین نادراکی متعلقہ افسرکی سرزنش

الیکشن کمیشن کوخط،چیئرمین  نادراکی متعلقہ افسرکی سرزنش

نادرا کے اندرونی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چیئرمین نادرا نے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط پر متعلقہ افسر کی سرزنش کی ہے کہ بتایا جائے کہ خط کے متن کی منظوری کس نے دی اور کیا اس میں غیر پارلیمانی زبان استعمال کی گئی،یاد رہے کہ نادرا کے پراجیکٹ ڈا ئریکٹوریٹ نے 20اگست کو سیکرٹری الیکشن کمیشن کوخط لکھا تھا

اسلام آباد (خصوصی وقائع نگار) چیئرمین نادراطارق ملک نے خط نہیں لکھا۔اس سے قبل چیئرمین نادرا نے 2 اگست کو الیکشن کمیشن میں نئے انٹرنیٹ ووٹنگ سسٹم اور پرانے سسٹم پرچیف الیکشن کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی تھی،میٹنگ میں الیکشن کمیشن کے ڈی جی آئی ٹی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے ۔چیئرمین نادرا نے بریفنگ میں بتایا کہ غیر جانبدار آڈیٹرز کی رپورٹ کے مطابق پرانے سسٹم میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لئے ڈیڑھ سال کا عرصہ درکار ہے ،آئی ٹی ماہرین کے مطابق نئے سسٹم کو بنانے کے لئے تین سال کا عرصہ درکار ہو گا جبکہ چیئرمین نادرا نے صرف ایک سال میں یہ سسٹم مکمل کرنے کی پیشکش کی،نئے سسٹم کے تحت نادرا اپنی طرز پر الیکشن کمیشن کو ایک مربوط آئی ووٹنگ نظام بنا کر دے گا جو الیکشن کمیشن کے اپنے ڈیٹا سینٹر ،سروَرز اور تھرڈ پارٹی سافٹ ویئرز پر مشتمل ہو گا۔ اس سسٹم کو انتظامی اور تکنیکی طور پر الیکشن کمیشن خود کنٹرول کرے گا،اس نظام کی بدولت الیکشن کمیشن آئی ووٹنگ کے تمام تر انتظامات میں خود کفیل بن جائے گا۔ نادرا کے کمپیوٹرز یا سروَرز سے اس نئے سسٹم کا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔الیکشن کمشنر نے چیئرمین نادراکی طرف سے پیش کئے گئے نئے آئی ووٹنگ سسٹم کو سراہااور نادرا کو اس پر کام آگے بڑھانے کا اصولی حکم دیا،اس پس منظر میں نادرا کے پراجیکٹ ڈائریکٹوریٹ نے 20 اگست کو سیکرٹری الیکشن کمیشن کو خط لکھا جس میں 2اگست کی میٹنگ میں دئیے گئے زبانی احکامات کو تحریری شکل دینے کو کہا گیا تا کہ نئے سسٹم کے تمام امور کو ایک سال کے اندر مکمل کیا جا سکے ، نئے انٹرنیٹ ووٹنگ سسٹم میں احتساب اور شفافیت پر مبنی نظام تجویز کیا گیا ہے ،اس سسٹم کے تحت ہر ووٹر جان سکے گا کہ اس کا ووٹ حتمی گنتی میں شمار کیا گیا ہے یا نہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں