خود کو ملک کے مائی باپ سمجھنے والے احمقوں کی جنت سے باہر نکل آئیں : احتساب سب کا ہوگا، مقدس گائے کی مثال ختم ہو کر رہے گی : شہباز شریف

خود کو ملک کے مائی باپ سمجھنے والے احمقوں کی جنت سے باہر نکل آئیں : احتساب سب کا ہوگا، مقدس گائے کی مثال ختم ہو کر رہے گی : شہباز شریف

جمہوریت کیلئے سب کو کام کرنا ہوگا ، قائد اعظم کے خوابوں کی تعبیر کیلئے تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا:اخترمینگل کے گھرآمد،عطااللہ مینگل کیلئے فاتحہ خوانی ، کنٹونمنٹ انتخابات میں کامیابی نئی صبح کا آغاز ،ن لیگ میں کوئی اختلاف نہیں،سلیکٹڈ وزیراعظم اور نالائق کابینہ کے دن گنے جا چکے :کراچی کادورہ،گفتگو، ملاقاتیں

کراچی(سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ(ن)کے صدروقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہاہے کہ خود کو ملک کے مائی باپ سمجھنے والے احمقوں کی جنت سے باہر نکل آئیں ۔احتساب سب کا ہوگا ، مقدس گائے کی مثال ختم ہو کر رہے گی ۔جمہوریت کیلئے سب کو کام کرنا ہوگا ، قائد اعظم کے خوابوں کی تعبیر کیلئے تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا،کنٹونمنٹ انتخابات میں کامیابی نئی صبح کا آغاز ہے ،ن لیگ میں کوئی اختلاف نہیں،سلیکٹڈ وزیراعظم اور نالائق کابینہ کے دن گنے جا چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچ قوم پرست رہنما سردار عطا اللہ مینگل مرحوم کے گھر تعزیت اور لیگی کارکنوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میاں محمد شہباز شریف اتوار کو وفد کے ہمراہ سردار اختر مینگل کے گھر پہنچے اورانکے والد مرحوم سردار عطا اللہ مینگل کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی۔شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ مرحوم سردار عطا اللہ مینگل کی جمہوریت اور آئین کی پاسداری کے لئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے 58 ٹوبی جس نے کئی جمہوری حکومتوں کو گھر بھیجا تھا اس کے خلاف بڑھ چڑھ کر کام کیا۔ قائد اعظم کے خوابوں کی تعبیر کے لیے تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ قبل ازیں شہباز شریف ایک روزہ دورے پر لاہور سے کراچی پہنچے توبڑی تعداد میں مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں اور کارکنوں نے ان کااستقبال کیا۔ شہبازشریف،مریم اورنگزیب ،خواجہ سعد رفیق ،ملک احمد خان ،رانا مشہود ،احسن اقبال ،عطا تارڑ نے مقامی ہوٹل میں کراچی ڈویژن کے تنظیمی عہدیداروں سے ملاقات کی، مفتاح اسماعیل ،سابق گورنر محمد زبیر بھی موجودتھے ۔شہبازشریف نے کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں سے بھی ملاقات کی۔اس موقع پرانہوں نے کہاکہ نواز شریف نے سندھ میں پارٹی آرگنائزکرنے کی ہدایت کی ہے ، مسلم لیگ ن متحد ہے اور اس میں کوئی اختلاف نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں ملک بھر سے ن لیگ کی کامیابی ایک نئی صبح کا آغاز ہے ،عوام نے ووٹ کی طاقت سے نالائقوں کی بدترین کارکردگی کو مسترد کردیا ۔انہوں نے کہاکہ اختلافی امورپر احسن اقبال کی صدارت میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے جوبھی قصور وارہوگا انہیں نہیں چھوڑیں گے ۔ مسلم لیگ (ن) ضلع وسطی کراچی کے صدر محمد اسلم خان خٹک ایڈووکیٹ ، عہدیدار وں وکارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جو طبل وفاقی حکومت اور گورنر سندھ گرین لائن بس سروس پربجا رہے ہیں ان کا کام دوسرے کی شادی میں ڈھول پیٹنا ہے ۔ ملک و قوم کو دیوار سے لگانے کی سازش کبھی کامیاب نہ ہوگی۔ جو یہ سمجھ رہے ہیں کہ ہم اس ملک کے مائی باپ ہیں اور قانون سے بالا تر ہیں وہ احمقوں کی جنت سے باہر نکل آئیں ۔سب کا احتساب ایک ساتھ ہوگا ۔مقدس گائے اور سب گناہ گار کی مثال اب ختم ہو کر رہے گی۔ گرین لائن کا تحفہ کراچی کے عوام کو نواز شریف نے دیا۔ موجودہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان نیازی اور انکی نالائق کابینہ کے دن گنے جا چکے ہیں ۔ کوئی تعمیری کام نظر نہیں آرہا ،صرف اور صرف لوٹ مار کا بازار گرم ہے ۔ اشرافیہ اور ریاستی ادارے سب اچھا کا راگ لاپ رہے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں