الیکشن کمیشن کوبلیک میل کیا جا رہا : ن لیگ ، نوٹس ملنے پر وزرا آپے سے باہر : پیپلز پارٹی

الیکشن کمیشن کوبلیک میل کیا جا رہا : ن لیگ ، نوٹس ملنے پر وزرا آپے سے باہر : پیپلز پارٹی

اراکین کوچیف الیکشن کمیشن کیخلاف بغاوت پر اکسانا غداری ،بے بنیاد الزامات پرسخت کارروائی کی جائے ، مریم اورنگزیب ، پہلے آگ لگانے کی دھمکی دی، اب متنازعہ بنانے کی مہم ،سب کو الیکشن کمیشن کیساتھ کھڑا ہونا چاہئے ، سینیٹر مصطفی نواز

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر، سیاسی رپورٹر ، خبرایجنسیاں)ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کے حکم پر الیکشن کمیشن کوبلیک میل کیا جا رہا ہے ، الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات حکومت کی غیرجمہوری اور آمرانہ سوچ کا ثبوت ہے ،آرٹی ایس کی پیداوار حکومت اور اس کے وزرا چیف الیکشن کمشنر پر بے بنیاد الزامات لگارہے ہیں، پیپلزپارٹی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے نوٹسز کے بعد وفاقی وزرا آپے سے باہر ہو گئے ہیں۔ اتوار کو وفاقی وزرا فواد چودھری اور سینیٹر شبلی فراز کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کو چیف الیکشن کمشنر کے خلاف اکسانے پر وزرا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔ الیکشن کمیشن اور ارکان پارلیمان کے سوالات کے حکومت کے پاس جواب نہیں، اس لئے پی آئی ڈی میں بیٹھ کر الیکشن کمیشن پر حملے کئے جارہے ہیں ،الیکشن کمیشن کے ارکان کو چیف الیکشن کمشنر کے خلاف بغاوت پر اکسانا آئین سے غداری اور آئینی اداروں پر حملہ ہے ۔الیکشن کمیشن آئین کے آرٹیکل 10 کے تحت وفاقی وزرا کے خلاف قانونی کارروائی کرے ۔ چیف الیکشن کمشنر اور اسکے ارکان آئین اور قانون کی زبان بول رہے ہیں جس کی مسلط شدہ حکومت کو سمجھ نہیں آتی۔ عمران صاحب کے حکم پر غیرقانونی فار ن فنڈنگ کیس میں من مرضی کا فیصلہ لینے کے لئے الیکشن کمیشن کو بلیک میل کیاجا رہا ہے ،ڈسکہ الیکشن کی دھند اور الیکشن چوری پکڑے جانے کی رپورٹ رکوانے کے لئے حکومت الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈال رہی ہے ۔ اب کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن کے نتائج کا غصہ عمران صاحب کے حکم پر الیکشن کمیشن پر نکالا جا رہا ہے ۔ ادھرپیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وفاقی وزرا نے پہلے الیکشن کمیشن کو آگ لگانے کی دھمکی دی اب متنازعہ بنانے کی مہم چلائی جا رہی ہے ،اپوزیشن کی تمام جماعتوں، وکلا، صحافیوں اور دیگر طبقات کو الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے ۔ پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ حکومت آئندہ عام انتخابات میں دھاندلی کیلئے الیکشن کمیشن کی ساکھ خراب کر رہی ہے ، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا منصوبہ اصل میں آئندہ عام انتخابات چوری کرنے کی سازش ہے ۔ الیکشن کمیشن نے ای وی ایم پر تحفظات کا اظہار کیا ، اب اسے بدنام کیا جا رہا ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر اپنے ادارے کی ساکھ بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت چیف الیکشن کمشنر کو سنگل آؤٹ کر کے ان پر الزامات کی بوچھاڑ کر رہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں