لڑکیوں کو تعلیم سے محروم کرنا بھی تشدد، شعور بیداری مہم شروع کریں : چیف جسٹس امیر علی بھٹی

لڑکیوں کو تعلیم سے محروم کرنا بھی تشدد، شعور بیداری مہم شروع کریں : چیف جسٹس امیر علی بھٹی

لڑکیوں کو تعلیم اور عملی زندگی کے ہر شعبے میں کامیاب ہونے کی ضرورت،اسکے لئے انفرادی ، اجتماعی کاوشیں درکار ہیں ، ملک کوغربت،ماحولیاتی خطرات جیسے متعدد چیلنجز کا سامنا ،آپکو موثرکردارادا کرنا ہوگا، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں خطاب

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر علی بھٹی نے کہا کہ لڑکیوں کو تعلیم سے محروم کرنا بھی تشدد ہے اور ہمیں انفرادی اور اجتماعی کاوشوں کے ذریعے اس تشدد کو روکنے کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے 19 ویں کانووکیشن کے اختتامی سیشن سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ چیف جسٹس نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کے ہمراہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو رول آف آنر اور ڈگریاں دیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ایک مہم شروع کریں اور تمام خاندانوں میں شعور بیدار کریں کہ لڑکیوں کو تعلیم اور عملی زندگی کے ہر شعبے میں کامیاب ہونے کی ضرورت ہے ۔ گریجوایٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے ،جسٹس امیر بھٹی نے کہا کہ وہ اساتذہ کا سب سے زیادہ احترام کرتے ہیں کیونکہ آپ کے اساتذہ بہترین نتائج حاصل کرنے میں آپ کی مدد اور حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور یہ ان اساتذہ اور آپکے والدین کی مہربانی کا نتیجہ ہے کہ آپ کامیاب زندگی کے قابل ہوتے ہیں۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ سے کہا کہ پاکستان کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے جیسے ماحولیاتی خطرات اور غربت، اس لیے ملک کو آپ سب کے موثر کردار کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے گورنمنٹ کالج لاہور کی عظیم روایات سے متاثر ہوئے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے کہا کہ جی سی یو نے اس سال قانون ، ماس کمیونیکیشن ، پینٹنگ ، آرٹ، ہسٹری ، مینجمنٹ سٹڈیز اور میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی کے چھ نئے انڈر گریجوایٹ پروگرام کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے گریجوایٹس پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک کی ترقی کے لیے کام کریں۔ انہوں نے گزشتہ دو سالوں میں جی سی یو کی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا۔ کانووکیشن میں 2293طلباکو میڈلز اور ڈگریاں دی گئیں جس میں41پی ایچ ڈی اور 814ایم ایس/ایم فِل کے طلبہ شامل ہیں، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ڈگریاں تقسیم کیں۔کانووکیشن کے اختتام پر وائس چانسلر نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اور جسٹس مسعود عابد نقوی کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں