کرپشن :بینظیر میڈیکل یونیورسٹی کے سابق ڈائریکٹر گرفتار
تعمیراتی کام میں 40 کروڑ کی کرپشن کا الزام، عدالت سے دو روزہ ریمانڈ
سکھر، لاڑکانہ (نمائندگان دنیا) ایف آئی اے سکھر کی ایک ٹیم نے لاڑکانہ میں کارروائی کرتے ہوئے شہیدبے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر عبدالوحید منگی کو 2011 ء میں آریجا کیمپس میں کرائے گئے تعمیراتی کام میں 40 کروڑ روپے سے زائد کی مبینہ کرپشن کے الزام میں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا اور ان کا دو روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا۔ انجینئر عبدالوحید منگی کوایچ ای سی کی انکوائری کی بنیاد پر نوکری سے فار غ کیا گیا تھا لیکن بعد میں سندھ حکومت کے محکمہ یونین بورڈز کی جانب سے ایک انکوائری کے بعد نوکری پر بحال کر دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق کل 21 ستمبر کو یونیورسٹی کا سنڈیکٹ اجلاس وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی زیرصدارت ہونا تھا، جس میں آریجا کیمپس کی تعمیر میں کرپشن کے حوالے سے فیصلہ کیا جانا تھا لیکن اس سے قبل ایف آئی اے نے انہیں لاڑکانہ میں اپنی فیملی کے ساتھ جاتے ہوئے گرفتار کر کے سکھر منتقل کر دیا اور عدالت میں پیش کر کے ان کا دو روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا۔