پی ڈی ایم نے حکومت مخالف احتجاجی تحریک کوحتمی شکل دیدی

پی ڈی ایم نے حکومت مخالف احتجاجی تحریک کوحتمی شکل دیدی

جلسوں کا شیڈول جاری،26ستمبرکو اسلام آباد میں کنونشن منعقد کیا جائے گا

لاہور(اپنے سیاسی رپورٹر سے )پی ڈی ایم نے حکومت مخالف احتجاجی تحریک کو حتمی شکل دے دی، دوسری طرف مسلم لیگ ن نے پارٹی پلیٹ فارم سے بھی حکومت مخالف ممکنہ تحریک کی تیاریوں کا بھر پور آغاز کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لئے احتجاجی جلسوں کا شیڈول جاری کردیا ہے ۔ جس کے تحت 26 ستمبر کو اسلام آباد میں کنونشن ہوگا۔14اکتوبر کو پشاور میں مفتی محمود کانفرنس ہوگی۔16 اکتوبر کو فیصل آباد میں ، 31 اکتوبر کو ڈیرہ غازی خان میں جلسے ہوں گے ۔مذکورہ بالا تمام جلسوں میں پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے ۔جلسوں کے انعقاد کے بعد روڈ کارواں ہوں گے ۔روڈ کارواں کے بعد حتمی لانگ مارچ اسلام آباد کی طرف ہوگا۔جس کی تاریخ کا اعلان پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سیالکوٹ ورکرز کنونشن سے خطاب کے بعد کراچی میں موجود ہیں جہاں وہ پارٹی تنظیم کے حوالے سے اہم فیصلہ کریں گے اور مختلف شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے جبکہ رواں ہفتے حمزہ شہباز بھی جنوبی پنجاب کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں