پنجاب:5جیلو ں میں کھانے کے اخراجات میں6کروڑ اضافہ

پنجاب:5جیلو ں میں کھانے کے اخراجات میں6کروڑ اضافہ

جیل انتظامیہ کی ریگولر انکوائری کرائی جائے ، آڈیٹر جنرل کی رپورٹ

لاہور (مدثر حسین سے )پنجاب کی 5جیلوں میں قیدیوں کے منظور شدہ کھانے کے اخراجات میں 6کروڑ 4لاکھ 88ہزار کے اضافی اخراجات سامنے آ گئے ۔آڈیٹر جنرل نے اضافی اخراجات کی رپورٹ محکمہ داخلہ کو بھجوا دی ۔رپورٹ میں جیل انتظامیہ کی نااہلی اور رقم کا بہتر طریقے سے استعمال نہ کرنے پر انتظامیہ کی کمزوی پر ریگولر انکوائر ی کرنے کا کہا گیا ۔ پنجاب کے دیگر محکموں کی طرح محکمہ جیل خانہ جات میں بھی جیل انتظامیہ کی غفلت اور نااہلی سامنے آئی ہے ۔آڈیٹرجنرل کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ میں 5جیلوں میں قیدیوں کے لئے جاری ہونے والی رقم میں اضافی اخراجات سامنے آئے ہیں ۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق 2017 سے 2019 میں پنجاب کی5جیلوں میں 6کروڑ 4لاکھ 88ہزار روپے قیدیوں کے کھانے کی مد میں مقرر کی گئی رقم سے اضافی اخراجات آئے ہیں۔ جن پانچ جیلوں میں اضافی اخراجات سامنے آئے ہیں ان میں سنٹرل جیل ڈی جی خان میں 3کروڑ 49لاکھ 98ہزار روپے ، ڈسٹرکٹ جیل نارووال میں ایک کروڑ 78لاکھ 18ہزار روپے ، ڈسٹرکٹ جیل پاکپتن میں 49لاکھ 55ہزار روپے ، ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاؤالدین 22لاکھ 14ہزار روپے ، اور ڈسٹرکٹ جیل میانوالی میں 5لاکھ36ہزار روپے مقرر کردہ قیدیوں کے کھانے کی رقم سے زیادہ استعمال کئے گئے ۔ آڈٹ رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ جیل سپرنٹنڈ نٹس کی کمزور انتظامیہ کی وجہ سے قیدیوں کے کھانے کے لیے مقرر کردہ رقم سے زائد رقم استعمال ہوئی جب کہ کھانا بھی غیر معیاری دیا گیا ہے ۔ ناقص انتظامیہ پر محکمہ داخلہ ریگولر انکوائری کرے تاکہ ذمہ داروں کا تعین ہو سکے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں