عزیزالرحمن چن کو پیپلزپارٹی لاہورکی صدارت سے ہٹانے کا فیصلہ
عرصہ 11سال سے صدارت پرفائزہیں، خرابی صحت کی بناپر فعالیت سے قاصر ہیں ، اسرار بٹ ،فیصل میر،نوید چودھری ، علی بدر ،اسلم گل امیدوا ر،رابطے شروع کردیے
لاہور (یاسین ملک)پیپلزپارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن کو تبدیل کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ،لاہور کی صدارت کے حصول کے لئے متعدد جیالے سرگرم ہو گئے ،ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن جو 11 سال سے لاہور کے صدر ہیں، اب ان کی صحت خراب رہنے لگی ہے ، وہ مختلف تقاریب میں کھڑے ہو کر خطاب بھی نہیں کر سکتے بلکہ کرسی پر بیٹھ کر خطاب کرتے ہیں ۔عزیز الرحمن کے وسطی پنجاب کی سابق تنظیم سے بھی اکثر اختلافات رہتے تھے ،وسطی پنجاب کی سابق تنظیم اکثر لاہور تنظیم کے خلاف چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو تحریریں بھیجا کرتے تھے ، وسطی پنجا ب کی موجودہ تنظیم بھی عزیز الرحمن چن کی تبدیلی کی خواہاں ہے ۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بلاول بھٹو نے عزیز الرحمن چن کو تبدیل کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ، بلاول بھٹو لاہور کے نئے صدر کی کسی بھی وقت منظوری دے دیں گے ،لاہور کا صدر بننے کے لئے متعدد جیالے بھی تگ و دو میں لگ گئے ہیں ، رابطوں کے سلسلے بھی شروع کر دیے ہیں ۔اب تک لاہور کی صدارت کے لئے جو امیدوار سامنے آئے ہیں ان میں اسرار بٹ ،فیصل میر،نوید چودھری ، علی بدر اور اسلم گل شامل ہیں ۔وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن کی تبدیلی کے حوالے سے انہیں کوئی علم نہیں ہے ۔