وزیر اعلیٰ بلوچستان کیخلاف عدم اعتماد تکنیکی غلطی پر واپس
گورنرہاؤس کی نشاندہی ،اپوزیشن اعتراض دور کرکے تحریک دوبارہ جمع کرائیگی ، چیئرمین سینیٹ نے منالیا ، 40 سے زائد ارکان جام کمال کیساتھ ہیں:ذرائع
کوئٹہ (سٹاف رپورٹر، ایجنسیاں )گورنرہاؤس سیکرٹریٹ نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد تکنیکی غلطی کے باعث واپس کردی، متحدہ اپوزیشن اعتراض دور کرنے کے بعد دوبارہ تحریک عدم اعتماد جمع کرائے گی۔ دوسری جانب معاملہ حل کرنے کیلئے چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ سینیٹر منظور کاکڑ، سینیٹر احمد خان، سینیٹر سرفراز بگٹی بھی متحرک ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض صوبائی وزرا اور ارکان اسمبلی کو منا لیا ہے جس کے بعد40 سے زائد صوبائی اراکین اسمبلی جام کمال کے ساتھ کھڑے ہیں ، چیئرمین سینیٹ نے تحفظات دور کرنے کیلئے اگلے ہفتے کمیٹی کے قیام کی یقین دہانی کرا دی۔