ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کی فوجی مشق برائٹ سٹاراختتام پذیر

ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کی فوجی مشق برائٹ سٹاراختتام پذیر

مصر میں ہونیوالی مشق میں پاکستان ، امریکا ، برطانیہ سمیت 20ممالک نے حصہ لیا ، جہازوں، ہیلی کاپٹروں ، ٹینکوں سمیت مختلف ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا

راولپنڈی(آئی این پی)ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے طریقہ کار کو مزید بہتر کرنے کی فوجی مشق برائٹ سٹار 2021مصر میں اختتام پذیر ہو گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کثیر القومی مشق برائٹ سٹار 2021محمد نجیب ملٹری بیس مصر میں ہوئی، مشق میں 20ممالک بشمول مصر، امریکا، پاکستان، برطانیہ، سعودی عرب، تیونس، فرانس اور اردن نے حصہ لیا۔ اس کے علاوہ قبرص، عراق، بحرین، سوڈان، مراکش، کینیا، اٹلی اور سپین کی افواج نے بھی مشق میں حصہ لیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دو ہفتوں پر مشتمل مشق کا مقصد ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے طریقہ کار کو مزید بہتر کرنا تھا، مشق سے علاقائی امن کے لئے بحری سکیورٹی آپریشنز مزید مضبوط ہوں گے ، اختتامی تقریب میں مصری وزیر دفاع اور کمانڈر انچیف جنرل محمد ذکی سمیت 20ممالک کے فوجی حکام بھی موجود تھے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق مشق میں ہوائی جہازوں، ہیلی کاپٹروں اور ٹینکوں سمیت مختلف ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، مشق برائٹ سٹار 1980سے باقاعدگی سے منعقد کی جا رہی ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں